لاہور: سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے قومی سلامتی سے متعلق بیان پر ایک شہری نے ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کےلیے لاہور پولیس کو درخواست دیدی۔
ایک شہری کی جانب سے سول لائنز پولیس کو درخواست دی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار کا تعلق کسی سیاسی جماعت سے نہیں، 29 اکتوبر کی شام 7 بجے وہ ایک ٹی وی پروگرام دیکھ رہے تھے جس میں ایاز صادق کا بیان نشر ہورہا تھا، وہ انڈین فوج کے حق میں بول رہے تھے اور ہماری فوج کے سربراہ اور پاکستانی فوج کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈہ کررہے تھے۔
درخواست گزار نے کہا ہے کہ اُن کی عقل کے مطابق ایاز صادق ایک انڈین ایجنٹ کا کردار ادا کررہے تھے اور وہ پاکستان کی سلامتی اور عزت پر کھلم کھلا حملہ کررہے تھے جو غداری کے زمرے میں آتا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ایازصادق کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جائے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ درخواست پرقانونی کارروائی کے حوالے سے اسے لیگل رائے کے لیے بھجوادیا گیا ہے۔