اہل ملتان نے پی سی بی اورغیرملکیوں کے دل جیت لیے


ملتان: 

اہل ملتان نے پی سی بی اور غیرملکیوں کے دل جیت لیےتقریباً 80 ہزار شائقینِ کرکٹ نے پی ایس ایل 2020 کے سنسنی خیز میچز دیکھنے کے لیے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کا رخ کیا۔

ایونٹ کے دوران ملتان نے چار روز میں مجموعی طور پر تین میچوں کی میزبانی کی۔ایونٹ کے میچز پہلی مرتبہ ملتان میں کھیلے گئے۔ اس دوران شائقینِ کرکٹ نے میزبان ٹیم کے ساتھ ساتھ مہمان ٹیموں کی بھی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھیل کو ملک کے کونے کونے تک پھیلانے کی پالیسی کے تحت ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے تین میچز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کروانے کا اعلان کیا تھا۔

اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملتان اور پنڈی کرکٹ اسٹیڈیمز کی تزیئن و آرائش کے لیے 2 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی۔ اس رقم کا زیادہ تر حصہ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم پر خرچ ہوا۔ تینوں میچز کے دوران جہاں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں تِل دھرنے کی جگہ نہیں تھی وہیں شائقینِ کرکٹ کی ایک بڑی تعدادنے اسٹیڈیم کے باہر اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کی ایک جھلک دیکھنے کے لیےبھی ڈیرے ڈالے رکھے۔

شائقینِ کرکٹ کی کثیر تعداد میں اسٹیڈیم آمد پر مقامی اور غیر ملکی کھلاڑی سب ہی معترف رہے۔ اس حوالے سے انہوں نے پری اور پوسٹ میچ پریس کانفرنسز کے علاوہ دیگر مواقع پر بھی کھل کر اظہار خیال کیا۔ اس دوران پشاور  زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دینے والی ملتان سلطانز کی ٹیم نے اگلے دو میچوں میں کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بالترتیب 52 اور 30 رنز سے ہرایا۔

ملتان سلطانز  کے ہیڈ کوچ اینڈی فلاور کا کہنا ہے کہ ملتان میں ان کا مختصر قیام ایک یاگار لمحہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگوں کی گرمجوشی اور بھرپور مہمان نوازی نے اسکواڈ میں شامل تمام اراکین کے دل جیت لیے ہیں۔ اینڈی فلاور نے کہاکہ میزبان ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنے  کے لیے شائقینِ کرکٹ کا ایک بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کرنے پر تمام کھلاڑی پرجوش تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ دوران میچ مداحوں سے کھچا کھچ بھرے اسٹیڈیم کا ماحول شاندار تھا۔ ہیڈ کوچ ملتان سلطانز کا کہنا تھا کہ وہ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کو دنیا کے چند بہترین اسٹیڈیمزمیں شمار کرتے  ہیں اور وہ جلد یہاں واپسی کےلیے  پرامیدہیں۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ 12 سال کے طویل انتظار کے بعد ملتان کے باسیوں نے اعلیٰ سطحی کرکٹ کی اپنے شہر میں واپسی کا شاندار استقبال کیا۔ انہوں نے کہاکہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے مقررہ تین میچوں کے دوران ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کے مناظر ناقابل بیان تھے۔

وسیم خان نے کہاکہ تینوں میچز کے دوران انکلوژرز میں بیٹھا ایک ایک فرد کھیل سے خوب محظوظ ہورہا تھا۔ یہ مناظر صرف اسٹیڈیم تک ہی محدود نہیں رہے بلکہ ملتان شہر کی ہر گلی میں کرکٹ کا بخار سر چڑھ کر بول رہا تھا۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے  لیے مزید ایک وینیو کے اضافے پر تمام مداح خوش ہیں اوریہ ملک بھر میں اعلیٰ سطحی کرکٹ کی سرگرمیوں کو معمول پر لانے  سے متعلق پی سی بی کی پالیسی کا اہم حصہ بھی ہے۔ وسیم خان نے  کہاکہ یہ حوصلہ افزاء مناظر دیکھ  کر ہمارا اگلا ہدف ملتان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں