بالی ووڈ کے معروف اداکار نوازالدین صدیقی کی اہلیہ عالیہ صدیقی اور ان کی ملازمہ سپنا رابن مسیح کے بعد ان کے بھائی شمس نواب صدیقی بھی اداکار کے خلاف سامنے آگئے۔
شمس نواب صدیقی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر سپنا رابن مسیح کے نواز الدین صدیقی سے معافی مانگنے کی خبر پر اپنے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’سپنا رابن مسیح کی یہ نئی ویڈیو اسکرپٹڈ ہے‘۔
اُنہوں نے لکھا کہ ’آپ کتنے لوگوں کو خریدیں گے؟ اس طرح تو آپ کا بینک بیلنس ختم ہو سکتا ہے‘۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ’ اب تو آپ کا کام بھی متاثر ہے، آپ کی فلمیں کافی مسائل کا شکار ہیں جس کی وجہ سے فلم انڈسٹری میں آپ کی 150 کروڑ روپےداؤ پر لگے ہوئے ہیں‘۔
شمس نواب صدیقی نے اپنے ٹوئٹ کے آخر میں برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ’اس طرح کے کام آپ کوجہنم میں لے کر جائیں گے‘۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نوازالدین کی اہلیہ عالیہ صدیقی نے دعویٰ کیا تھا کہ اداکار کے خاندان کی جانب سے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور وہ بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔
اس کے علاوہ نواز الدین صدیقی کی 20 سالہ ملازمہ سپنا رابن مسیح کی بھی ٹوئٹر پر ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں اُنہوں نے اداکار پر معاوضے کی عدم ادائیگی اور گھر میں قید کرنے کے الزامات عائد کیےتھے۔
بعد ازاں ملازمہ کی ایک اور ویڈیو سامنے آئی جس میں اُنہوں نے اداکار پر لگائے گئے تمام الزامات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگی لی۔