‘اگلا وزیراعظم بلاول ہوگا’


کراچی: سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ یہ حکومت عوامی حمایت کھوچکی، آئندہ وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری ہوں گے۔

اتوار کو اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی تو دونوں رہنماؤں کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا، جس میں آغا سراج درانی نے انہیں ضمانت ملنے پر مبارکباد دی جب کہ آصف علی زرداری نے بھی آغا سراج درانی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آغا صاحب آپ کو بھی ضمانت پر رہائی مبارک ہو، آپ نے بہادرانہ انداز سے حالات کا مقابلہ کیا، امید ہے جلد ہم سب کے جھوٹے مقدمات ختم ہوجائیں گے۔

سابق صدر نے کہا کہ آج بلاول کو سیاسی دباؤ میں لانے کے لیے انہیں جیل میں ڈالا گیا لیکن میں گھبرانے والے نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ “امید ہے اگلا وزیراعظم بلاول ہوگا اور ہوسکتا ہے آغا صاحب اگلی بار آپ میرے ساتھ اسلام آبادمیں ہوں”۔

جس پر آغا سراج درانی نے کہا کہ “ہم زرداری صاحب آپ کے لیے فکر مند رہتے ہیں، اللّہ آپ کو صحت دے، بلاول کی بطور وزیراعظم حلف برداری میں ہم ساتھ ہوں گے۔”

میڈیا رپورٹ کے مطابق شریک چیئرمین نے کہا کہ محترمہ کی پہلی حکومت سے لے کر آج تک انتقامی کارروائیاں جاری ہیں پہلے مجھے محترمہ کو سیاسی دباؤمیں لانے کے لیے جیل بھیجا گیا، آج بلاول کو سیاسی دباؤ میں لانے کے لیے مجھے جیل میں ڈالا گیا لیکن میں گھبرانے والا نہیں ہوں۔


اپنا تبصرہ لکھیں