پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان کا کہنا ہے کہ تماشائیوں کے بغیر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا انعقاد بے مقصد ہوگا، اگر تماشائی نہیں ہوں گے تو ورلڈ کپ بھی نہیں ہوگا۔
میڈیا سے گفتگو میں معین خان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وبا سے پوری دنیا متاثر ہے، پاکستان بھی اس کا شکار ہے ، ان حالات سے نکلنے میں، معاملات دوبارہ پہلے جیسے ہونے میں اور میدان دوبارہ آباد ہونے میں وقت ضرور لگے گا ، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہوا تو اس میں تماشائی بھی ہوں گے، ورنہ ورلڈ کپ نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس وبا کی وجہ سے اس سال آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگا ہوا ہے اور منتظمین اس کے حوالے سے مختلف آپشنز پر غور کررہے ہیں۔ تاہم معین خان کا کہنا ہے کہ بغیر تماشائیوں کے ورلڈ کپ کرانا کوئی آپشن نہیں ہونا چاہیے۔
سابق وکٹ کیپر بیٹسمین نے مزیدکہا کہ جب تک چیزیں بحال نہیں ہوتیں، پلیئرز کیلئے ضروری ہے کہ وہ خود کو فٹ رکھنے کیلئے اقدامات کریں، ذہنی اور جسمانی طور پر فٹ رہنے کیلئے ضروری ہے کہ کھلاڑی بنیادی ایکسرسائز کرتے رہیں، اس کیلئے کوئی بڑی جگہ درکار نہیں، کوئی بھی فٹ رہنے کی بنیادی ایکسرسائز اپنے کمرے میں رہ کر بھی کرسکتا ہے۔
معین خان کا کہنا تھا کہ اس وقت کا بھرپور فائدہ اٹھانا اس لیے بھی ضروری ہے کہ جب بھی کرکٹ بحال ہو ، پلیئرز مقابلوں کیلئے تیار ہوں۔
انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پلیئرز کی آن لائن ٹریننگ کے پروگرامز کی بھی تعریف کی اور کہا کہ اس سے کھلاڑیوں کو خود کو تیار رکھنے میں کافی مدد ملے گی۔