راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کو دہشتگردوں کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کے خدشے پر بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سمیت تمام قیدیوں سے ملاقاتوں پر 2 ہفتے کے لیے پابندی عائد کردی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ انٹیلیجنس اطلاعات کی روشنی میں محکمہ داخلہ پنجاب نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سمیت تمام قیدیوں سے ملاقاتوں پرپابندی کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع نے مزید کہا کہ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جیل میں سرچ آپریشن بھی کیا جائے گا، محکمہ داخلہ پنجاب نے انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب کو پابندی کا مراسلہ بھی جاری کردیا ہے۔
مراسلے کے مطابق ملاقات پرپابندی کا اطلاق بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت تمام قیدیوں پر ہوگا۔
یاد رہے کہ رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی، پرویز الہیٰ اور سابق وزیر فواد چوہدری بھی اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔
دوسری جانب پولیس نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کوریج پر بھی پابندی لگادی ہے، آج بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا دن ہے جس موقع پر پولیس نے اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 کے باہر میڈیا گاڑیوں کی پارکنگ پر بیریئر لگادیے ہیں، اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کیمروں والی جگہ پر قناتیں لگادی گئیں ہیں، ساتھ ہی پولیس نے میڈیا ٹیموں کو جیل سے 2 کلو میٹر دور چلے جانے کی ہدایت بھی کردی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا تھا۔