اپنی ہم شکل کو دیکھ کر انوشکا شرما کا دلچسپ ردعمل


سوشل میڈیا پر بالی وڈ اداکارہ اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی اہلیہ انوشکا شرما کی ہم شکل کی ایک تصویر کے چرچے جاری ہیں، جس پر اداکارہ نے بھی دلچسپ ردعمل دیا ہے۔

دو روز قبل امریکی گلوکارہ جولیا مائیکل نے اپنی ایک سیلفی انسٹاگرام پر شیئر کی تھی، جس پر مداحوں نے انہیں انوشکا شرما سے مشابہہ قرار دیا۔

دوسری جانب کچھ لوگوں نے سمجھا کہ شاید انوشکا نے اپنے بالوں کو ڈائی کروا کر ان کا رنگ تبدیل کرلیا ہے۔

صارفین نے دونوں کی تصاویر کا موازنہ کرتے ہوئے خوب تبصرے کیے جس پر امریکی گلوکارہ نے اپنی اور انوشکا کی تصویر ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’انوشکا شرما ہم دونوں بظاہر جڑواں ہیں‘۔

جس پر انوشکا نے بھی مزاحیہ انداز میں جواب دیا کہ ’اوہ میرے خدا! میں آپ کو اور اپنے باقی 5 ہم شکلوں کو کب سے ڈھونڈ رہی تھی‘۔

یہاں انوشکا نے اُس کہاوت کی جانب اشارہ کیا ہے، جس کے مطابق اس دنیا میں ہر انسان کے 7 ہم شکل ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں سلمان خان سے مشابہت رکھنے والا نوجوان کراچی میں موٹرسائیکل ٹھیک کرتا ہوا دکھائی دیا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں