اٹک: نامعلوم افراد کی اسکول وین پر فائرنگ، 2 بچے جاں بحق

اٹک: نامعلوم افراد کی اسکول وین پر فائرنگ، 2 بچے جاں بحق


پنجاب کے شہر اٹک کے علاقے ڈھیری کوٹ میں نامعلوم افراد نے اسکول وین پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 بچے جاں بحق جبکہ ڈرائیور سمیت 4 بچے زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ ٹیموں نے زخمیوں اور میتوں کو ہسپتال منتقل کر دیا، متاثرہ بچوں کی عمریں 10سے 12 سال کے درمیان ہیں۔

جبکہ فائرنگ کرنے والے ملزمان ناصر اور نعیم موقع سےفرار ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق ٹیم نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر کے تفتیش شروع کردی ہے، علاقے کی ناکہ بندی بھی کردی گئی ہے۔

ریجنل پولیس افسر بابر سرفراز الپا کا کہنا ہے کہ اٹک میں فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی ہے، فائرنگ ڈرائیور کے اوپر کی گئی جس میں بچوں کو بھی نقصان پہنچا، ملزم نامزد ہو چکے ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں، بہت جلد ان کو گرفتار کر لیا جائے گا، صدرسرکل اٹک کے افسران پرمشتمل پولیس ٹیم بھی معاملے کی تحقیقات کے لیے تشکیل دے دی گئی ہےْ۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر عاطف راؤ نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسکول وین پر حملہ ڈرائیور کی ذاتی دشمنی کے باعث ہوا، گزشتہ ماہ اس دشمنی میں 2 افراد قتل ہوئے تھے، اسی قتل کا بدلہ لینے کے لیے وین ڈرائیور پر حملہ کیا گیا، ڈرائیور کے ساتھ فرنٹ سیٹ موجود 2 بچیاں جاں بحق ہوئی ہیں، انتظامیہ اور پولیس کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

زخمیوں میں 8 سالہ محب علی، 7 سالہ سمیرا، 8 سالہ شازف، 12 سالہ حسیب علی شامل ہیں، 4 سالہ شازم اور 48 سالہ وین ڈرائیورافضل بھی زخمی ہیں جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں 9 سالہ رامین اور 10سالہ عروہ شامل ہیں۔

اسکول وین پر فائرنگ سے جاں بحق 2 طالبات کی میتیں گھر پہنچادی گئیں، رامین شفیق اور عروا فاطمہ کی لاشیں ایمبولینس کے ذریعے گھروں میں پہنچائی گئیں، دونوں بچیاں چوتھی کلاس میں پڑھتی تھیں۔

معصوم بچوں کو نشانہ بنانا انتہائی ظالمانہ اورشرمناک فعل ہے، صدر مملکت

بعد ازاں صدر مملکت آصف علی زرداری نے اٹک میں اسکول وین پرفائرنگ کے واقعے کی پُر زور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانا انتہائی ظالمانہ اورشرمناک فعل ہے، ذمہ داران کےخلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے صدرمملکت نے جاں بحق بچوں کے ایصال ثواب اور زخمی بچوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اٹک میں اسکول وین پر فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرلی۔

مریم نواز نے دو طالبات کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج ودکھ کا اظہار کرتے ہوئے فائرنگ سے زخمی ہونے والوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں