اٹلی میں کورونا وائرس سے 800 سے زائد اموات، مجموعی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرگئی


یورپی ملک اٹلی میں ہر گزرتے دن کورونا وائرس کی ہلاکت خیزیاں بڑھتی جارہی ہیں اور  آج بھی ایک ہی روز میں مزید 889 افراد مہلک وائرس کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے گئے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اٹلی میں کورونا وائرس نے مزید 889 زندگیاں نگل لی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بھی 10 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

اٹلی میں ہونے والی 10 ہزار ہلاکتیں کسی بھی ملک میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ اموات ہیں۔

حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5974 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 92472 ہوگئی۔

متاثرہ افراد کی تعداد میں بھی اٹلی کا امریکا کے بعد دوسرا نمبر ہے جہاں اِس وقت ایک لاکھ 16 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔

دوسری جانب چین نے کورونا وائرس کو مکمل طور پر کنٹرول کرلیا ہے جس کے بعد گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صرف 3 اموات ہوئی ہیں اور صرف 54 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی اٹلی میں 919 افراد ہلاک ہوئے تھے جو کہ کسی بھی ملک میں ایک ہی روز میں ہلاکتوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں