آپ کو تھیٹر جاتے دیکھنے کیلئے میں جاگ رہا ہوں: کنگ خان کا مداح کو جواب

آپ کو تھیٹر جاتے دیکھنے کیلئے میں جاگ رہا ہوں: کنگ خان کا مداح کو جواب


بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ کا پہلا شو آج صبح 6 بجے سنیما گھروں کی زینت بن گیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بلآخر وہ دن آ ہی گیا جس کا کنگ خان کے مداحوں کو بےصبری سے انتظار تھا۔

بالی ووڈ کنگ کی فلم ’جوان‘ کا پہلا شو دیکھنے کے لیے پُرستاروں کی بڑی تعداد نے رات گئے ہی سنیما گھروں کا رخ کر لیا۔

کسی نے ’انڈیا کی شان شاہ رخ خان‘ کا نعرہ بلند کیا تو کسی نے ان کے گھر ’منت‘ کے باہر ان کے گانے پر پرفارمنس دے کر سُپر اسٹار سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر شاہ رخ خان کے فین پیج نے کنگ خان کے پُرستاروں کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں صبح کے ساڑھے 5 بجے پرستاروں کی ایک ریلی کو دیکھا جاسکتا ہے جو فلم ’جوان‘ کا جشن منانے اکٹھا ہوئے ہیں۔

اس ویڈیو کے کیپشن میں لکھا ہے کہ ’صبح کے 5 بج کر 35 منٹ ہیں اور ہم دیوانہ وار جشن منا رہے ہیں ، ہم صبح کے 6 بجے کنگ کا بڑے پردے پر تاریخی استقبال کرنے کے لیے تیار ہیں‘۔

صرف کنگ خان کے پرستار ہی ان کے دیوانے نہیں بلکہ خود ’ایس آر کے‘ بھی اپنے مداحوں کے جوش اور ان کی دیوانگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے رات بھر جاگتے رہے اور انہوں نے اپنے مداحوں کے پیار کا جواب بھی دیا۔

شاہ رخ خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنے مداحوں کی مذکورہ وائرل ویڈیو کو ری شیئر کیا اور لکھا کہ ’لو یو بوائز اینڈ گرلز، امید ہے کہ آپ تفریح سے لطف اندوز ہوئے ہوں گے، آپ کو تھیٹر میں جاتے ہوئے دیکھنے کے لیے میں ابھی تک جاگ رہا ہوں، آپ لوگوں کا بہت بہت شکریہ اور بہت سارا پیار‘۔


اپنا تبصرہ لکھیں