ایشیا کے امیر ترین اور معروف بھارتی کاروباری شخصیت مکیشن امبانی کے چھوٹے بیٹے آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی فلمی انداز میں کروز شپ پر منعقد ہونے والا پری ویڈنگ راؤنڈ 2 کیسا ہوگا، پہلی جھلک سامنے آگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لگژری کروز شپ کی ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں۔
یوں تو سوشل میڈیا انفلوئنسر اووری نے گزشتہ روز انسٹااسٹوری شیئر کرتے ہوئے لگژری کروز شپ سے پہلی تصاویر شیئر کی تھیں۔
تاہم اب مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اس لگژری کروز شپ کے اندرونی مناظر کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔ جہاں آج سے آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی بالی ووڈ ستاروں سے بھرپور فلمی انداز میں پری ویڈنگ کا راؤنڈ 2 شروع ہو رہا ہے۔
تقریباً 4 روز تک جاری رہنے والے ان تقریبات کے دوران یہ کروز شپ اٹلی سے جنوبی فرانس کا سمندری سفر مکمل کرے گا۔ آج سے شروع ہونے والی تقریبات میں اسٹاری نائٹ تھیم پارٹی، روم کی سیر، ڈنر پارٹی، کینز میں بلیک ٹائی تھیم پارٹی سمیت مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔
ان تقریبات میں دنیا بھر سے معروف شخصیات شرکت کریں گے، بھارت سے ایم ایس دھونی اپنی بیٹی کے ہمراہ، سلمان خان، رنویر سنگھ ، سارہ علی خان، ابراہیم علی خان، رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ اپنی بیٹی راہا کے ہمراہ شرکت کر رہے ہیں۔