ہواوے سے الگ ہوجانے والے برانڈ آنر نے طویل عرصے بعد عالمی سطح پر ایسے فونز متعارف کرائے ہیں جن میں گوگل موبائل سروس سپورٹ موجود ہے۔
آنر 50 سیریز کے 2 فونز کو پیش کیا گیا ہے، کمپنی نے جون 2021 میں آنر 50، آنر 50 پرو اور آنر 50 ایس ای چین میں متعارف کرائے تھے۔
اب آنر 50 اور آنر 50 لائٹ کو یورپ میں پیش کیا گیا ہے۔
آنر 50
آنر 50 میں 6.57 انچ کا ڈسپلے ایف ایچ ڈی پلس ریزولوشن اور 120 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ کے ساتھ ہے۔
اس فون کے فرنٹ پر سنگل کیمرا ہے جو 32 میگا پکسل کا ہے جبکہ اسنیپ ڈراگون 778 جی پراسیسر موجود ہے۔
فون میں 6 سے 8 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج کے آپشنز دستیاب ہیں۔
آنر 50 میں اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج میجک یو آئی 4.2 سے کیا گیا ہے اور گوگل موبائل سروسز بھی ڈیوائس کا حصہ ہے۔
آنر 50 میں 4300 ایم اے ایچ بیٹری 66 واٹ چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے۔
فون کا مین کیمرا 108 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ، 2 میگا پکسل میکرو شاٹ اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ ڈیٹا کیمرے دیئے گئے ہیں۔
یہ اس وقت پری آرڈر میں دستیاب ہے اور اس کی قیمت 530 یورو (ایک لاکھ 7 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی۔
آنر 50 لائٹ
آنر 50 لائٹ میں 6.67 انچ کا ڈسپلے دیا گیا ہے۔
فون میں 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج موجود ہے جبکہ بیک کیمرا 64 میگا پکسل کا ہے۔
کمپنی کی جانب سے فون کے بارے میں زیادہ تفصیلات نہیں بتائی گئیں مگر اس میں بھی اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج میجک یو آئی 4.2 سے کیا گیا ہے اور گوگل سروسز ڈیوائس کا حصہ ہے۔
اس فون کی قیمت 300 یورو (60 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ہوگی مگر دستیابی کی تاریخ کا ابھی بتایا نہیں گیا۔