’آنر‘ کا طاقتور بیٹری اور فائیو جی سپورٹ کے ساتھ سستا فون متعارف

’آنر‘ کا طاقتور بیٹری اور فائیو جی سپورٹ کے ساتھ سستا فون متعارف


چینی موبائل کمپنی ’آنر‘ نے فائیو جی ٹیکنالوجی سپورٹ اور طاقتور بیٹری کے ساتھ اپنا ایک اور سستا فون ’پلے سکس سی‘ متعارف کرادیا۔

’آنر‘ گزشتہ کچھ عرصے سے سستے اور مڈ رینج فون متعارف کرا رہا ہے، جن میں اگرچہ تمام ٹیکنالوجی کو اپگریڈ کیا جا رہا ہے،تاہم ان میں کیمروں کے معیار کو کم رکھا جا رہا ہے۔

اب بھی ’آنر‘ نے اپنے موبائل ’پلے 6 سی‘ میں کیمروں کے علاوہ تمام ٹیکنالوجی اور فیچرز کو اپگریڈ کرکے پیش کردیا۔

’آنر پلے 6 سی‘ کو 6۔6 انچ اسکرین اور ایک بیک کیمرے کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے، تاہم کمپنی کا دعویٰ ہے کہ کیمرے کی کوالٹی کو بہتر بنادیا گیا۔

فون کے بیک پر 13 میگا پکسل کا کیمرا لائٹس کے ساتھ دیا گیا ہے جب کہ فرنٹ پر بھی صرف 5 میگا پکسل کا کیمرا دیا گیا ہے۔

’آنر پلے 6 سی‘ کے سائڈ میں فنگر پرنٹ سینسر بھی دیا گیا ہے اور اسے جنریشن فور کے اسنیپ ڈریگن 480 کی چپ کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔

اینڈرائڈ کے آپریٹنگ سسٹم کے حامل موبائل کی بیٹری 5000 ایم اے ایچ رکھی گئی ہے جب اس کے ساتھ 22 واٹ کا فاسٹ پورٹ سی چارجر دیا گیا ہے۔

فون کو 6 اور 8 جی بی ریم کے دو مختلف ماڈیولز میں پیش کیا گیا ہے، جن میں 128 سے 256 جی بی میموری دی گئی ہے۔

فون کو تین مختلف رنگوں میں پیش کیا گیا ہے اور اس میں بلیوٹوتھ، وائی فائے سمیت دیگر فیچرز بھی دیے گئے ہیں جب کہ اس میں ہیڈ فون کا جیک بھی دیا گیا ہے۔

فون کو ابتدائی طور پر صرف چین میں ہی متعارف کرایا گیا ہے، تاہم اسے جلد پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک میں بھی پیش کردیا جائے گا۔

فون کے 6 جی بی ماڈیول کی پاکستانی قیمت 30 ہزار روپے سے کم جب کہ 8 جی بی کی قیمت 35 ہزار روپے تک رکھی گئی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں