کراچی: سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا نے کہا ہے کہ آصف زرداری کا بانی ایم کیوایم سے بھی برا حال ہوگا۔
ذوالفقار مرزا سمیت دیگر ملزمان انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش ہوئے، سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ذوالفقار مرزا نے سابق صدر آصف علی زرداری کی احتساب عدالتوں میں پیشی کو مکافات عمل قرار دیتے ہوئے کہاکہ آصف زرداری نے جو میرے ساتھ کیا اب وہی کچھ اس کے ساتھ بھی ہورہا ہے، ہم انصاف نہیں کرسکتے، اللہ تو انصاف کرتا ہے آصف زرداری کا بانی ایم کیوایم سے بھی برا حال ہوگا۔
انسداد دہشت گردی خصوصی عدالت نے سابق صوبائی وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا و دیگر ملزمان کے خلاف درج 4مقدمات کی سماعت پراسیکیوٹر کی عدم حاضری کے باعث 25 جون تک ملتوی کر دی۔