معروف دستاویزی فلم ساز اور پاکستان کی آسکر ایوارڈ یافتہ شرمین عبید چنائے کی مختصر اینیمیٹڈ سیریز “آگاہی” کانز لوائنز ایوارڈ کے لیے نامزد ہوگئی۔
شرمین عبید چنائے معاشرے کے ان مسائل کے حوالے سے دستاویزی فلمیں بناتی ہیں جو کہ خواتین اور بچوں میں شعور اجاگر کرنے کا باعث بنتی ہیں۔
ان کی حالیہ مختصر اینیمیٹڈ سیریز “آگاہی” جو کہ پاکستان میں خواتین کے قانونی حقوق سے متعلق بنائی گئی ہے، جسے 66ویں عالمی کانز لوائنز ایوارڈ کی تقریب میں “صنفی مساوات میں قابل تائید ترقی” کی کیٹیگری میں نامزد کیا گیا ہے۔
کانز لوائنز ایوارڈ میں 89 ممالک کے فلم سازوں نے حصہ لیا ہے۔
اس ایوارڈ کے لیے پہلی بار نامزد ہونے کے بعد شرمین عبید چنائے نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ‘آگاہی’ ایک ایسی سیریز ہے جس کے ذریعے پاکستان کی خواتین میں پولیس اور عدالتی نظام کے حوالے سے شعور کو اجاگر کیا جارہا ہے۔
شرمین عبید کا مزید کہنا ہے کہ ‘آگاہی’ کا مختلف شہروں اور دیہات سے زبردست ردعمل سامنے آیا جس کے بعد یہ سیریز کانز لوائنز ایوارڈ کے لیے نامزد ہوئی۔
شرمین عبید کے پروڈکشن ہاؤس ایس او سی فلمز اور وومن ایکشن فورم کراچی کے تعاون سے “آگاہی” ایک مہم کے طور پر پچھلے سات ماہ سے خواتین کے ایسے مسائل جن میں طلاق، سائبر کرائم، ہراساں کرنے اور مقدمات کا اندراج جیسے مسائل اجاگر کرنا شامل ہے۔