کراچی: ’’آرام نہیں کام‘‘ بابر اعظم اور محمد رضوان نے بدستور قومی ٹیم کی نمائندگی جاری رکھنے کا عزم ظاہر کر دیا۔
پاکستان اور افغانستان میں 3 میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز 24 مارچ کو شارجہ میں شروع ہوگی، رینکنگ میں گرین شرٹس کی پوزیشن تیسری جبکہ حریف دسویں نمبر پر موجود ہے، بعض حلقے یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ اس سیریز میں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کو آرام دینے پر غور ہو رہا ہے، قیادت کی ذمہ داری شاہین شاہ آفریدی کو سونپی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے تاحال دونوں اسٹار کرکٹرز سے چیف سلیکٹر ہارون رشید یا پی سی بی کی کسی اعلیٰ شخصیت نے رابطہ نہیں کیا، بابر اور رضوان خود بھی نہیں چاہتے کہ صرف تین میچز کی سیریز میں انھیں ریسٹ دیا جائے، دونوں بدستور کھیلنے کے حق میں ہیں۔
اس حوالے سے رابطے پر پلیئرز کے قریبی ذرائع نے کہا کہ پی ایس ایل میں کھلاڑیوں پر زیادہ دباؤ نہیں ہے،میچز کے درمیان میں خاصا وقفہ بھی ملا، اس دوران تازہ دم ہونے کا موقع ملتا رہا، لہذا آرام کی کوئی ضرورت نہیں ہے، یاد رہے کہ بیٹنگ رینکنگ میں رضوان دوسرے اور بابر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اگر زبردستی کسی کھلاڑی کو ریسٹ کرایا گیا تو اس سے ٹیم کے اتحاد پر خراب اثر پڑ سکتا ہے، طویل عرصے بعد ایسا ماحول بن چکا جب پلیئرز ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہیں اور کوئی اختلافات بھی نہیں ہیں۔
یاد رہے کہ راشد خان سمیت افغانستان کے کئی کرکٹرز پی ایس ایل میں عمدہ کھیل پیش کر رہے ہیں، ماضی قریب میں پاکستان کے ساتھ ہونے والے میچز میں بھی سخت مقابلہ ہوا تھا۔ ایسے میں افغانستان کو تر نوالہ سمجھنے کی غلطی بھاری بھی پڑ سکتی ہے۔
دوسری جانب اس حوالے سے جب پی سی بی ذرائع سے رابطہ کیا گیا تو جواب ملا کہ ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا،صرف مختلف آپشنز پر غور ہی جاری ہے۔