لاہور: بھارت نے آئی سی سی میں مالیاتی تقسیم کا نیا سسٹم لانے کی تجویز پیش کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اجلاس میں بی سی سی آئی کی نمائندگی کرتے ہوئے جے شاہ نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کرکٹ کا جو مستقبل نظر آرہا ہے اس میں منظرنامہ بڑا تبدیل ہوجائے گا، کرکٹ برادری کو چاہیے کہ پرانے فنانشل ماڈل کو یکسر تبدیل کرتے ہوئے نئے سسٹم کو اپنانے کیلیے مجوزہ ڈرافٹ تیار کرے، خاص طور پر کمزور بورڈز کو بھارت کی ضرورت زیادہ پڑے گی۔
یاد رہے کہ آئی سی سی کا موجودہ مالیاتی نظام 2023 تک مروج ہے،نئے فیوچر ٹور پروگرام سے قبل بھارت دیگر کرکٹ بورڈ کو اپنے تابع کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
قبل ازیں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے ساتھ مل کر بگ تھری منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے والے بی سی سی آئی نے ریونیو کے 70 فیصد حصے پر ہاتھ صاف کرتے ہوئے 8 سال میں 570ملین ڈالرز کمانے کیلیے راہ ہموار کی تھی، 2017 میں بگ تھری کا خاتمہ کیے جانے کے بعد آمدنی کا تخمینہ 400 ملین ڈالر رہ گیا۔
اب ایک بار پھر یہ سوچ پروان چڑھ رہی ہے کہ اگر دیگر ملکوں کو بھارت کے ساتھ کھیلنے سے بھاری کمائی حاصل ہوتی ہے تو اس میں بی سی سی آئی کا حصہ بھی زیادہ ہونا چاہیے۔