ٹوکیو اولمپکس 2020 آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر یوشیرو موری نے کہا ہے کہ 2021 میں اولمپکس مقابلے اگر دوبارہ ملتوی کرنا پڑے تو اسے منسوخ ہی کردیں گے۔
کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں جہاں معاشی سرگرمیاں مانند پڑی ہیں وہیں کھیل بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔
رواں سال جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں ہونے والے اولمپکس مقابلوں کو ایک سال کیلئے ملتوی کرنا پڑا ہے اور اب یہ مقابلے اگلے سال ہوں گے۔
لیکن اب بھی ٹوکیو اولمپکس کا 2021 میں انعقاد کا خطرے میں ہے جس کا اظہار ٹوکیو اولمپکس کے صدر یوشیرو موری نے بھی دبے دبے الفاظ میں کردیا ہے۔
ماہرین صحت کے 2021 میں کورونا بچاؤ ویکسین کے بغیر اولمپکس کے انعقاد کے سوال پر گیمز کے صدر یوشیرو موری نے کہا کہ ویکسین نہ آنے کی صورت میں اولمپکس کو ایک بار پھر ملتوی نہیں کیا جائے گا بلکہ اس کو منسوخ کردیں گے۔
دوسری جانب جاپان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر یوشیتاکے یوکوکورا نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین کے بغیر 2021 میں ٹوکیو اولمپکس کی میزبانی مشکل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ ٹوکیو اولمپکس کی میزبانی کرنی چاہیے یا نہیں کرنی چاہیے لیکن بتارہا ہوں کہ یہ مقابلے مشکل ہوجائیں گے۔
خیال رہے کہ جاپان میں ایک بار پھر کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جس کے سدباب کیلئے گزشتہ دنوں ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کی گئی تھی۔