یوزی لینڈ نے کولن ڈی گرینڈ ہوم کی عمدہ کارکردگی کی بدولت انگلینڈ کو تیسرے ٹی20 میچ میں 14 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کر لی۔
نیلسن میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مارٹن گپٹل نے روایتی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 17 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 33 رنز بنائے۔
40 کے مجموعی اسکور پر گپٹل کی اننگز تمام ہوئی جبکہ کولن منرو کی ناقص فارم کا سلسلہ جاری رہا اور وہ صرف 6 رنز بنانے کے بعد ٹام کرن کو وکٹ دے بیٹھے۔
ٹم سیفرٹ صرف 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو نیوزی لینڈ کی ٹیم 69 رنز پر تین کھلاڑیوں سے محروم ہو چکی تھی۔
اس مرحلے پر گرینڈ ہوم کا ساتھ دینے تجربہ کار روس ٹیلر آئے اور دونوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 66 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کی بڑے مجموعے تک رسائی میں اہم کردار ادا کیا۔
گرینڈ ہوم 35 گیندوں پر تین چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 55 رنز بنانے کے بعد آؤت ہوئے جبکہ ٹیلر نے 24 گیندیں کھیلنے کے باوجود صرف 27 رنز بنائے۔
اختتامی اوورز میں مچل سینٹنر اور جمی نیشام نے جارحانہ انداز اپنایا جس کی بدولت میزبان ٹیم نے 7 وکتوں کے نقصان پر 180 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ کی زینت بنایا۔
انگلینڈ کی اجنب سے ٹام کرن دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔
ہدف کے تعاقب میں ٹام بینٹن صرف 18 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے لیکن اسکے بعد ڈیوڈ ملان اور جیمز ونس نے 63 رنز جوڑ کر ہدف کا تعاقب جاری رکھا، ملان 34 گیندوں پر 55 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
جیمز ونس اور کپتان آئن مورگن نے اسکور کو 139 تک پہنچا کر اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کردیا، اس موقع پر انگلینڈ کو 29 گیندوں پر فتح کے لیے محض 42 رنز درکار تھے اور ان کی جیت یقینی نظر آتی تھی لیکن پھر میچ کا پانسہ پلٹ گیا۔
کیوی باولرز اور فیلڈرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اگلی 18 گیندوں پر محض 10 رنز دے کر 5 انگلش بلے بازوں کو پویلین لہ راہ دکھا کر مہمان ٹیم کی جیت کے دروازے بند کر دیے، ونس نے 49 اور مورگن نے 18رنز بنائے۔
انگلینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنا سکی اور نیوزی لینڈ نے میچ میں 14 رنز سے کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 5 میچوں کی سیریز میں 1-2 کی برتری بھی حاصل کر لی۔
گرینڈ ہوم کو ان کی عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔