لندن: انگلینڈ میں فوری طور پر کرکٹ سرگرمیوں کی بحالی کاامکان معدوم ہونے لگا، وزیراعظم بورس جونسن کے دو ٹوک اعلان نے آسٹریلوی ٹیم کا دورہ بھی غیریقینی سے دوچار کردیا، ای سی بی کی جانب سے کینگرو بورڈ کو ستمبر کے آغاز میں سیریز کی تجویز دی جا سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جونسن نے گزشتہ دنوں واضح کیا کہ ہم زیادہ سے زیادہ آؤٹ ڈور ایونٹس کے انعقاد کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتے ہیں مگر کورونا وائرس کا خطرہ بدستور موجود بلکہ شدت اختیار کررہا ہے، یہ چیز ہمیں لاک ڈاؤن میں نرمی سے روک رہی ہے، آپ اپنے مقامی پارک میں دھوپ سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں، دوسرے شہروں کا سفر بھی کرسکتے ہیں، جو کھیل کھیلنا چاہیں کھیلیں لیکن صرف اپنے اہل خانہ کے ساتھ ہی کھیلنے کی اجازت ہے۔ ان کے اس اعلان سے آسٹریلیا کا دورۂ انگلینڈ غیریقینی سے دوچار ہوگیا،کینگروز کو3 سے 16 جولائی تک 3 ٹی 20 اور اتنے ہی ون ڈے میچز کھیلنے آنا تھا۔ انگلش کرکٹ بورڈ پہلے ہی کھیل کی سرگرمیاں یکم جولائی سے شروع کرنے کا اعلان کرچکا مگر اب اس میں مزید تاخیر بھی ہوسکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق انگلش بورڈ آسٹریلیا کو ستمبر کے آغاز میں دورے کی تجویز پیش کرسکتا ہے تاہم اس کیلیے اسے آئرلینڈ سے سیریز ملتوی کرنا پڑے گی۔ بورس جونسن کے اعلان سے انگلش پریمیئر فٹبال کلبز کا ٹریننگ شروع کرنے کا پلان بھی متاثر ہوسکتا ہے، اس حوالے سے کلبز کی ایک میٹنگ بھی شیڈول تھی جس میں مقابلوں کے نیوٹرل وینیوز پر انعقاد پر غور کیا جانا تھا، ویٹفورڈ، ناروچ، برائٹن اور آسٹن ولا پہلے ہی اس منصوبے کی مخالفت کرچکے جس کی وجہ سے فوری طور پر پریمیئر لیگ سیزن کے آغاز کا بھی امکان دکھائی نہیں دیتا۔