انگلش کرکٹرزملک میں پردیسی ہونے کیلیے تیار


 لاہور: میدانوں میں واپسی کیلیے انگلش کرکٹرز ملک میں پردیسی ہونے کو تیار ہیں، مارک ووڈ کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز اور پاکستان کیخلاف ہوم سیریز کیلیے 9ہفتے گھر نہ جانے کی پابندی بھی قبول ہوگی،ہمیں تنخواہ مل رہی ہے،حفاظتی انتظامات پر کسی کو اعتراض نہیں ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں بہتری کی امید پر انگلش کرکٹ بورڈ ویسٹ انڈیز اور پاکستان سے 3، 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز ری شیڈول کرنے کیلیے کوشاں ہے، پہلا ٹیسٹ 8 جولائی کو شروع کرانے کی پلاننگ کے ساتھ ممکنہ احتیاطی تدابیر پر بھی غور ہونے لگا،اب تک سامنے آنے والی تجاویز کے مطابق 25سے 30 کرکٹرز 23جون کو کیمپ میں رپورٹ کرنے کے بعد گروپس میں پریکٹس کریں گے، وہ پاکستان کے خلاف سیریز مکمل ہونے تک 9 ہفتے گھروں کو واپس نہیں جائیں گے۔

اس دوران روزانہ ٹمپریچر چیک کیا جائے گا، باقاعدگی سے کورونا وائرس کے ٹیسٹ بھی ہوتے رہیں گے۔ میدانوں میں واپسی کو ترسے انگلش کرکٹرز ملک میں رہتے ہوئے بھی پردیسی ہونے کو تیار ہیں۔ مارک وڈ نے کہاکہ کھلاڑی طویل ٹورز کیلیے ملک سے باہر رہنے کے عادی ہیں، اب انگلینڈ میں موجود ہوتے ہوئے بھی گھروں سے دور رہنا پڑے تو کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے،انھوں نے کہا کہ ماحول اور اپنی فیملیز کو محفوظ رکھنے کے لیے یہ قدم اٹھانا ضروری ہے، کرکٹرز کو تنخواہیں مل رہی ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ جلد سے جلد میدان میں اتریں،سب حفاظتی انتظامات کی پاسداری کریں گے، کھلاڑیوں کو یقین ہے کہ بورڈ اور حکومت تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد سوچ سمجھ کر ہی کوئی فیصلہ کرے گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں