انڈین اداکارہ نیلم کوٹھاری سونی پاکستانی اداکار فواد کی فین نکلیں، پاکستانی ڈرامے شوق سے دیکھتی ہیں ڈیلس میں منعقدہ چیرٹی شو میں انکشاف
رپورٹ: راجہ زاہد اختر خانزادہ
ڈیلس: انڈین فلم اور ٹی وی کی معروف اداکارہ اور نیٹ فلکس رئیلٹی شو “شاندار زندگی بمقابلہ بالی ووڈ بیویاں “ نیلم کوٹھاری سونی نے امریکہ کے شہر ڈیلس میں منعقدہ ایک چیریٹی ایونٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے نہ صرف حاضرین سے ملاقات کی بلکہ ان کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔ ایونٹ کا انعقاد 3Sixty Entertainment کی جانب سے کیا گیا تھا۔ایونٹ کے دوران ایک پاکستانی نژاد امریکن نے نیلم سے پوچھا کہ بھارتی عوام پاکستانی ڈراموں کو کیوں پسند کرتے ہیں اور اگر انہیں کسی پاکستانی اداکار کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملے تو وہ کسے ترجیح دیں گی؟ نیلم نے خوشگوار انداز میں جواب دیا، “شاید پاکستانی ڈراموں کی کامیابی کی وجہ ان کی دلکش کہانیاں اور جذبات کی گہرائی ہے۔ اداکاروں کی بہترین کارکردگی اور حقیقت پسندانہ مکالمے بھی انہیں منفرد بناتے ہیں۔”
نیلم نے انکشاف کیا کہ وہ خود بھی کئی پاکستانی ڈرامے دیکھ چکی ہیں، خاص طور پر کووڈ لاک ڈاؤن کے دوران۔ انہوں نے اپنی پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “میں فواد خان کی مداح ہوں۔ وہ بہترین اداکار ہیں۔” نیلم کوٹھاری نے اپنے مشہور نیٹ فلکس رئیلٹی شو Fabulous Lives vs Bollywood Wives کے بارے میں دلچسپ انکشافات بھی کیے۔ انہوں نے بتایا کہ شو کا آئیڈیا کرن جوہر کا تھا، جو ایک چارٹر فلائٹ کے سفر کے دوران ان کے ذہن میں آیا۔ نیلم نے ہنستے ہوئے کہا، “ہم خواتین فلائٹ میں ڈریسنگ اور فیشن کی باتوں میں مگن تھیں، تب کرن نے کہا، ’تم سب پاگل ہو!‘ وہیں سے شو کا تصور پیدا ہوا۔”
نیلم نے اعتراف کیا کہ ریئلٹی شو کرنا آسان نہیں ہوتا کیونکہ کچھ بھی پہلے سے طے شدہ نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا، “ریئلٹی شو میں سب کچھ حقیقی ہوتا ہے، لیکن ایڈیٹنگ کے ذریعے کہانی کو بہتر انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔”
واضع رہے کہ نیٹ فلکس رئیلٹی شو شاندار زندگی بمقابلہ بالی ووڈ بیویاں نیٹ فلکس کا مشہور انڈین رئیلٹی شو ہے، جو نیلم کوٹھاری، ماہیپ کپور، بھاونا پانڈے اور سیما سجدہ کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگیوں کو اجاگر کرتا ہے۔ نئے سیزن میں ریدھیما کپور ساہنی، شالینی پاسسی، اور کلایانی سہ چاولہ بھی کاسٹ میں شامل ہوئیں۔ شو نے ناظرین میں مقبولیت حاصل کی، لیکن ناقدین کی جانب سے اسے ملا جلا ردعمل ملا۔ کچھ نے اسے “غیر متاثر کن اور سطحی” کہا، جبکہ عوامی مقبولیت کی بنیاد پر شو نے پنک ولا اسکرین اینڈ اسٹائل آئیکونز ایوارڈز 2023 میں “گلیمر اسکواڈ آف دی ایئر” کا اعزاز اپنے نام کیا۔ نیلم کوٹھاری نے آخر میں کہا، “یہ شو میری زندگی کا اہم حصہ بن گیا ہے، اور میں ہمیشہ کرن جوہر کی شکر گزار رہوں گی کہ انہوں نے ہمیں یہ موقع فراہم کیا۔