انڈس موٹر کمپنی (آئی ایم سی) نے اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے پاکستان میں گاڑیاں بنا کر ان کی برآمدات کا آغاز کردیا۔
کمپنی کی جانب سے یہ اعلان اپنے پورٹ قاسم اتھارٹی میں موجود مینوفیچرنگ پلانٹ میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیا۔
اس موقع پر کمپنی نے ٹویوٹا فورچیونر، ہائی لکس اور کورولا کراس موڈلز کی گاڑیاں کئی ممالک کو برآمد کرنے کے اپنے منصوبوں کا انکشاف کیا۔
اسٹاک ایکسچینج کو لکھے اپنے ایک نوٹس میں انڈس موٹر نے حقیقت پسندانہ سوچ اپنانے اور زیادہ امیدیں وابستہ نہ کرنے کی توقع رکھتے ہوئے کہا کہ برآمدی سرگرمی سے حاصل ہونے والے مالی فوائد معمولی ہیں اور اس کے ہمارے مجموعی کاروبار پر اثرات بہت کم اور غیر مادی ہیں۔
اس کامیابی پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے انڈس موٹر کمپنی کے سی ای او علی اصغر جمالی نے اسے سابق چیئرمین علی سلیمان حبیب کا وژن قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار ٹویوٹا نے تمام ممالک میں اپنے شراکت داروں سے ان کے خوابوں کے بارے میں پوچھا تھا تو پاکستان سے گاڑیوں کا ایکسپورٹر بننا علی حبیب کا خواب تھا، وہ خواب اب حقیقت بن چکا۔
انہوں نے آٹو سیکٹر کو مزید مضبوط و مستحکم کرنے کے لیے طویل مدتی پالیسیوں اور مقامی ان پٹ ذرائع کی ترقی کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے اپنے ایک بیان میں زور دے کر کہا کہ پاکستان کی معروف کمپنیوں میں سے ایک انڈس موٹر کو برآمدات میں حصہ ڈالتے ہوئے دیکھنا باعث فخر ہے، حکومت کی آٹو موٹیو انڈسٹری ڈیولپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ پالیسی 2021-26 پالیسی کا مقصد مقامی پرزوں اور گاڑیوں کی برآمد کی حوصلہ افزائی کرکے آٹو موٹیو سیکٹر کو فروغ دینا ہے۔