رواں سال کے آغاز سے شروع ہونے والی ایشیا کی سب سے مہنگی ترین، اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی گزشتہ ہفتے اختتام پزیر ہو چکی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امبانی خاندان شادی کی ’پری ویڈنگ سرمنیز‘ اور شادی کی مرکزی تقریب کے بعد اب ’پوسٹ ویڈنگ سرمنیز‘ کے لیے لندن کا رُخ کر چکا ہے۔
یعنی کے اب لندن میں اننت اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کے بعد کی تقریبات کے دور کا آغاز ہوگا۔
ایسے میں تاحال بھارتی ویب سائٹس اس شادی سے متعلق متعدد رپورٹس شائع کر چکی ہیں جن میں سوشل میڈیا پر تصویریں اور ویڈیوز بھی شامل ہیں۔
اننت کی شادی کی مرکزی تقریب سے ہی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں بالی ووڈ اداکار جان ابراہم دولہا میاں، اننت سے ملنے کی کوشش کرتے دکھائی رہے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جان ابراہم اننت امبانی کو گلے لگا کر شادی کی مبارکباد دینے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ دولہا میاں ناصرف اداکار کو بری طرح سے نظر انداز کر رہے ہیں بلکہ جان ابراہم کے اُن کے پیچھے پیچھے گھومنے پر بھی اُن کی باتوں کا جواب نہیں دے رہے۔
اننت امبانی اور جان ابراہم کی اس وائرل ویڈیو نے انٹرنیٹ صارفین کو تقسیم کر دیا ہے۔
کچھ انسٹاگرام صارفین کا کہنا ہے کہ اننت امبانی غیر سنجیدہ رویہ اپنا کر اداکار کی توہین کر رہے ہیں جبکہ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ مہمانوں کے جھرمٹ میں اننت سے ایسا غیر ارادی طور پر ہو گیا ہوگا۔
کئی انسٹاگرام صارفین کا ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہنا ہے کہ اننت ماضی میں بھی اداکاروں کی توہین کر چکے ہیں جبکہ وہ سیلفی لینے کے لیے اپنے قریب آنے والے عام عوام کے ساتھ بھی اسی قسم کا رویہ اختیار کرتے ہیں۔