چینی موبائل کمپنی انفینکس کی جانب سے جلد ہی نوٹ سیریز کا پہلا فون متعارف کرائے جانے کا امکان ہے، جس میں پہلی بار 120 والٹ کے چارجر سمیت 108 میگا پکسل کیمرا بھی دیا جائے گا۔
گزشتہ ماہ اپریل کے آخر میں کمپنی کی جانب سے انفینکس نوٹ 12 کی کچھ معلومات فراہم کی گئی تھی، تاہم اب نئی معلومات کے مطابق سیریز کے پہلے فون میں 50 میگا نہیں بلکہ 108 میگا پکسل مین کیمرا ہوگا۔
نوٹ سیریز کے پہلے فون کی لیک ہونے والی تصویر کے بیک پر کیمرے پر 108 میگا پکسل پڑھا جا سکتا ہے جب کہ بیک پر مجموعی طور پر تین کیمرے دیے جائیں گے، جس میں سے ایک 1/2.8 میگا پکسل سینسر کے ساتھ 50 میگا پکسل کا کیمرا ہوگا جب کہ تیسرا 24-12 ایم ایم کا حامل کیمرا ہوگا۔
نوٹ سیریز کے پہلے فون کے کیمرا میں جدید ٹیکنالوجی اور سینسرز کا استعمال کیا گیا ہے، جس سے کیمرا کا ڈیپتھ سینسر مزید بہتر بنایا گیا ہے۔
انفینکس نوٹ 12 کی اسکرین ممکنہ طور پر 6.7 انچ ہوگی اور اس میں میڈیا ٹیک کے ہیلیو جی 96 کا پراسیسر دیا گیا ہے، جس سے فون کے سی پی یو کی اسپیڈ بڑھے گی۔
ممکنہ طور موبائل میں 5000 ایم اے ایچ کی بیٹری دی جائے گی اور موبائل میں 120 والت کا فاسٹ چارجر دیا جائے گا جو کہ پہلی بار کسی انفینکس موبائل میں استعمال کیا جا رہا ہے۔
نوٹ 12 سے قبل گزشتہ سال انفینکس کانسیپٹ میں کمپنی 160 والٹ کا چارجر دیا تھا اور مذکورہ فون کے علاوہ تمام فونز میں 100 والٹ سے کم کے چارجر دیے گئے ہیں۔
ممکنہ طور پر نوٹ 12 کی اسکرین کچھ بڑی ہو سکتی ہے اور اس میں فنگر پرنٹ سینسر کے علاوہ دیگر فیچر بھی دیے جائیں گے۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ کمپنی نوٹ 12 کو مئی کے آخر یا پھر جون کے آغاز میں دیگر دو فونز ہاٹ 12 اور اسمارٹ 6 ایچ ڈی کے ساتھ متعارف کرائے گی۔