انڈیا کے شہر ممبئی میں پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے جو خود کو ایک اعلی سرکاری افسر ظاہر کر کے رشتے کروانے والی ویب سائٹس پر خواتین کو اپنی طرف راغب کرتا اور ان سے لاکھوں روپے بٹورتا تھا۔
انڈین میڈیا کے مطابق 32 سالہ ملزم کی شناخت ادیتیا مہاترے کے نام سے ہوئی ہے جو ایک سول انجینیئر ہے ۔
ممبئی کے مقامی پولیس اسٹیشن کے سینیئر پولیس انسپکٹر دھریندرا کمبلے نے بتایا کہ ملزم اب تک تقریباً 25 خواتین کو دھوکا دے چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم نے ادیتیا نامی ایک شخص کو گرفتار کیا ہے جس نے شادی کروانے کی ایک مشہور ویب سائٹ پر اپنا پروفائل بنایا اور 25خواتین کے ساتھ فراڈ کیا۔
ادیتیا اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر خود کو امیر آدمی ظاہر کرنے کے لیے امپورٹڈ برانڈز کی گاڑیوں کے ساتھ تصویریں کھنچواتا تھا تاکہ وہ خواتین کو اپنے جال میں پھنسا سکے۔
پولیس افسر نے یہ بھی کہا کہ ’وہ ایک سول انجینیئر ہے لیکن خود کو انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) یا انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) کا افسر ظاہر کرتا تھا یا یہ کہتا تھا کہ وہ کسی بڑے حکومتی عہدے پر فائز ہے اور ہر خاتون سے پانچ سے لے کر 15 لاکھ روپے لوٹتا تھا۔‘
ادیتیا کے خلاف چند روز پہلے ہی ممبئی کے پولیس سٹیشن میں شکایت درج کروائی گئی تھی جس پر پولیس نے ایکشن لیا اور انہیں بالآخر سنیچر کو گرفتار کر لیا گیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل انڈین سکیورٹی فورسز نے ریاست مدھیا پردیش میں ایئر فورس کے ایک ونگ کمانڈر کو گرفتار کیا ہے جس پر الزام ہے کہ اس نے وزیر داخلہ امیت شاہ بن کر گورنر کو فون کیا تاکہ اپنے دوست کو میڈیکل یونیورسٹی کا وائس چانسلر تعینات کروا سکیں۔