مقبول ترین امریکی ٹی وی شو میزبان و اداکارہ اوپرا ونفری نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے کے لیے 10 ملین ڈالر کی رقم عطیہ کردی۔
امریکا کی امیر ترین اور بااثر خاتون اوپرا ونفری نے کورونا وائرس ریلیف کے لیے 10 ملین ڈالرکی رقم عطیہ کرنے کا اعلان اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’میں 10 ملین ڈالر کی رقم عطیہ کر رہی ہوں تاکہ عالمی وبا کے دوران ملک بھر اور وہ علاقے جہاں میں بڑی ہوئی ہوں، امریکیوں کی مدد کی جا سکے‘۔
66 سالہ امریکی ٹی وی شو میزبان اوپرا ونفری مسیسیپی میں ایک غریب گھرانے میں پیدا ہوئیں اور اب وہ ان تمام ارب پتی لوگوں کی فہرست میں شامل ہوگئی ہیں جنہوں نے کووڈ-19 سے نمٹنے کے لیے کروڑوں رقم عطیہ کی ہے۔
خیال رہے کہ اوپرا ونفری نے یہ رقم ایک نئے اقدام ’امریکا فوڈ فنڈز‘ کے تحت دیا ہے جو کہ ایپل کمپنی، دی فورڈ فاؤنڈیشن، کارین پاول جابز اور اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو نے مل کر مقامی لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے شروع کیا ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھرمیں معروف شخصیات اور اداروں کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنےکے لیے عطیات اور میڈیکل آلات عطیہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
امریکا میں کورونا وائرس کی صورتحال
امریکا میں کورونا وائرس کے باعث ایک ہی روز میں 1480 افراد ہلاک ہو گئے جو اب امریکا میں 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق صرف ریاست نیویارک میں 700 سے زائد افراد ہلاک ہوئے جہاں اموات کی تعداد ساڑھے 3 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ 99 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ وائرس سے 59 ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔