امریکی صدارتی مہم پر کورونا وائرس بری طرح اثرانداز، ایونٹس منسوخ


واشنگٹن: کورونا وائرس کی وبا 2020 کے امریکی صدارتی انتخابات پر پہلی مرتبہ بری طرح اثرانداز ہوئی ہے اور ٹرمپ کی ریلی کے منتظمین کو کم حاضری کی وجہ سے کئی ایونٹس منسوخ کرنے پڑ گئے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری صدارتی مہم کے لیے پہلی تقریب اوکلوہاما میں منعقد ہوئی اور منتظمین نے اعلان کیا تھا کہ تقریباً 10لاکھ لوگوں کی اس میں شرکت متوقع ہے۔

اس ریلی کے مقام بینک آف اوکلوہاما سینٹر میں 17 سے 19ہزار افراد کی گنجائش ہے جس کی وجہ سے منتظمین نے سینٹر سے باہر لوگوں کے لیے بڑے پیمانے پر انتظام کیا گیا تھا۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے نائب مائیک پینس کو عوام سے خطاب کرنا تھا لیکن توقع کے مطابق عوام کے نہ آنے کے سبب ایونٹ کو منسوخ کردیا گیا۔

‘دی گارجین’ لندن نے شائقین کی کم تعداد میں آمد کو مایوس کن قرار دیا کیونکہ اس ریاست سے 2016 کے انتخابات میں ٹرمپ نے 36پوائنٹس حاصل کیے تھے اور 1964 کے بعد سے کوئی بھی ڈیموکریٹک امیدوار اس ریاست سے کامیابی حاصل نہیں کر سکا۔

لیکن سی این این نے رپورٹ کیا کہ ارینا میں عوام کے بڑے مجموعے کی موجودگی درحقیقت کورونا وائرس کی وجہ سے ایک بہت اہم اور بڑا مسئلہ تھی۔

اس سے قبل ہفتے کو صدر کو بتا دیا گیا تھا کہ تلسہ میں ان کی مہم چلانے والے عملے کے چھ افراد  کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

سی این این نے کہا کہ یہ ایک ایسی چیز تھی جس کی صدر نے شیڈول کے مطابق ایونٹ کے انعقاد کے اصرار کے موقع پر توقع نہیں کی تھی کیونکہ پہلے سے طے شدہ ایونٹس کو دوبارہ منعقد کرنے کے حوالے سے پہلے ہی بہت تاخیر ہو چکی ہے، یہ انفیکشن امریکا کے تمام خبر رساں اداروں کی پہلی خبر بن گئے جس کی وجہ سے متعدد شرکا نے ریلی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ایک خبر رساں ادارے نے رپورٹ کیا کہ جب ایئرفورس 1 نے اڑا بھری تو امریکی صدر کو بتایا گیا کہ پانچ دن قبل جس جگہ کو 40ہزار لوگوں کے لیے بُک کیا گیا تھا، وہاں صرف 25فیصد لوگ جمع ہوئے ہیں۔

ریلی سے دو دن قبل ٹرمپ نے اپنے حامیوں سے وعدہ کیا تھا کہ ریلی میں ریکارڈ تعداد میں لوگ شرکت کریں گے، انہوں نے کہا تھا کہ جن لوگوں نے ریلی کے مقام پر احتجاج کی تیاری کر رکھی ہے، انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے۔

ٹرمپ نے کہا تھا کہ کسی بھی قسم کے مظاہرین، لٹیرے، انارکی پھیلانے کے لیے اوکلوہاما جانے والوں کو سمجھنا چاہیے کہ آپ سے اس طرح کا رویہ نہیں رکھا جائے گا جیسا کہ نیویارک، سیٹل میں روا رکھا گیا، یہ بالکل مختلف ہو گا۔

تاہم ریلی کے موقع پر انہوں نے حاضری میں کمی کا ذمے دار انہیں مظاہرین کو قرار دیا۔

امریکی صدر نے حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ جنگجو ہیں، ہمارے پاس باہر چند برے لوگ موجود ہیں، وہ برے کام کر رہے ہیں لیکن میں انہیں سراہتا ہوں۔

البتہ نیویارک ٹائمز نے رپورٹ کیا کہ ٹرمپ کے کچھ مخالفین ریلی کی ناکامی کے جزوی طور پر ذمے دار ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ معروف گلوکاروں نے شائقین سے ٹکٹ بک کرنے کی درخواست کی لیکن ایونٹ میں شرکت کا مطالبہ نہیں کیا تھا اور ایسا ہی ہوا کہ ان کے چاہنے والوں نے ٹکٹ تو لیے لیکن ریلی میں شرکت نہ کی۔


اپنا تبصرہ لکھیں