اشنگٹن:
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں رواں برس نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹس نے پہلی بار کسی تائیوانی نژاد امریکی شہری کو بھی ٹکٹ دیا ہے۔ روشن خیال 45 سالہ اینڈریو یانگ اپنے انتخابی جلسوں میں خواتین کی بہبود اور اقلیتوں کے حقوق کی بڑھ چڑھ کر بات کر رہے ہیں جس میں ان کی اہلیہ ایولیان لیو یانگ بھی ان کا بھرپور ساتھ دے رہی ہیں۔
ایولیان لیو یانگ نے ’سی این این‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ می ٹو مہم اور انتخابی مہم کے دوران خواتین کی جانب سے جنسی زیادتی و استحصال کے واقعات سننے کے بعد ان میں بھی آپ بیتی کہنے کی ہمت آگئی ہے۔ صدارتی امیدوار کی اہلیہ نے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ حمل کے دوران امریکا کے معروف گائناکولوجسٹ کئی ماہ تک غیر ضروری چیک اپ کے بہانے جنسی استحصال کرتے رہے۔
ایولیان لیو یانگ نے مزید بتایا کہ میل ڈاکٹر ان سے خالص نجی اور ذاتی معلومات پوچھتے رہے جسے وہ علاج کو بہتر بنانے کے لیے ضروری سمجھتی رہیں لیکن بعد میں انہیں احساس ہوا کہ مذکورہ معاملات کا ان کی صحت اور بچے کی پیدائش سے کوئی تعلق نہیں جب کہ حمل کے ساتویں ماہ میل گائناکولوجسٹ نے ان کا نامناسب طریقے سے چیک اپ کیا اور غیر ضروری طور پر چھوا جس سے وہ کئی ماہ تک ذہنی اذیت میں مبتلا رہیں۔