امریکا و برطانیہ میں ایک روز میں ریکارڈ ہلاکتیں، کورونا مریضوں کی تعداد 15 لاکھ سے زائد


امریکا اور برطانیہ میں کورونا وائرس سے ایک روز میں ریکارڈ ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جب کہ دنیا میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 15 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

امریکا کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امریکا میں 1850 جب کہ برطانیہ میں 938 اموات ریکارڈ کی گئیں جو دونوں ممالک میں ایک روز میں اب تک ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔

امریکی ریاست نیویارک میں قومی پرچم سرنگوں کر دیئے گئے ہیں جہاں کورونا وائرس سے اب تک ایک لاکھ 51 ہزار 171 افراد متاثر جب کہ 6 ہزار 268 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

امریکا میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 14 ہزار 797 تک پہنچ چکی ہے جب کہ عالمگیر وبا سے اب تک 4 لاکھ 35 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

برطانیہ میں بھی کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 7 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ متاثرین کی تعداد بھی 60 ہزار 733 ہو گئی ہے۔

اسپین میں بھی ہلاک افراد کی تعداد 7 ہزار 992 ہے یعنی امریکا سے کچھ کم تاہم یورپی ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 48 ہزار 220 ہو گئی ہے۔

کورونا وائرس کے باعث اب تک سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں ہیں جہاں 17 ہزار 669 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جب کہ فرانس میں یہ تعداد 10 ہزار 869 ہے۔

چین میں 3 ہزار 335 جب کہ ایران میں 3 ہزار 993 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ اس کے علاوہ جرمنی، ہالینڈ اور بیلجیم میں دو دو ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

دنیا بھر میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 15 لاکھ 19 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ ساڑھے 88 ہزار سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار بھی چکے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں