دنیا بھر میں نئے نوول کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کے علاج کو تلاش کرنے کا کام ہورہا ہے، اس وقت ایک دوا ریمیڈیسیور مختلف تحقیقی رپورٹس میں اس وائرس کے علاج کے لیے موثر دریافت ہوئی ہے، جس کے بعد امریکا اور جاپان میں اس کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری دی جاچکی ہے۔
یہ دوا ویسے بھی کافی مہنگی ہے مگر اب دنیا بھر کے لیے اس تک رسائی لگ بھگ ناممکن ہوگئی ہے کیونکہ امریکا نے 3 ماہ تک کے لیے اس کی تمام سپلائی کو خرید لیا ہے۔
تحقیقی رپورٹس میں دریافت کیا گیا تھا کہ ریمیڈیسیور کورونا وائرس کے مریضوں کی جلد صحتیابی میں مدد کرتی ہے۔
امریکا نے ستمبر تک کے لیے اس کے 5 لاکھ سے زائد کورسز کو خرید لیا ہے۔
جولائی کے لیے گیلاڈ کی مجوزہ پروڈکشن کا سو فیصد حصہ امریکا کو دیا جائے گا جبکہ اگست اور ستمبر کی پروڈکشن کا 90 فیصد حصہ بھی امریکا کے پاس جائے گا۔
اس انکشاف کے بعد مختلف حلقوں کی جانب سے امریکا پر الزام عائد کیا جارہا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی وبا کے خلاف جنگ میں عالمی کوششوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے۔
امریکا کے ہیلتھ اینڈ ہیومین سروسز سیکرٹری ایلکس ازر نے اپنے ایک بیان میں کہا ‘صدر ٹرمپ نے زبردست معاہدہ کرکے کووڈ 19 کے لیے پہلی منظور کردہ دوا تک امریکی شہریوں کی رسائی کو یقینی بنایا ہے’۔
ان کا کہنا تھا ‘ٹرمپ انتظامیہ کے بس میں جو کچھ ہے، وہ سب کووڈ 19 سے زندگی بچانے والی ادویات کے بارے میں جاننے اور امریکی عوام تک ان کی رسائی کے لیے کیا جارہا ہے’۔
اس دوا کے جینرک متبادل موجود ہیں مگر پیٹنٹ قوانین کے باعث صرف غریب اور متوسط آمدنی والے ممالک اسے اپنے طور پر تیار کرسکیں گے۔
گیلاڈ سائنسز کی جانب سے 127 ممالک کی کمپنیوں کو یہ دوا تیار کرنے کے لائسنس جاری کیے گئے ہیں جن میں پاکستان کی فیروز سنز بھی شامل ہے۔
گیلاڈ نے امیر ممالک کے لیے فی مریض اس دوا کی قیمت 2340 ڈالرز رکھی ہے۔
اور یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ فی الحال کورونا وائرس کے خلاف مؤثر چند ادویات میں سے ایک ہونے کی وجہ سے اس کی مانگ بہت زیادہ ہونے کی توقع ہے۔
اس کے علاوہ برطانیہ میں ڈیکسا میتھازون کو بھی کورونا وائرس کے حوالے سے موثر دریافت کیا گیا ہے۔
ایک کلینیکل ٹرائل میں جب دریافت کیا گیا کہ اس دوا سے ہسپتال میں زیرعلاج مریضوں کی صحتیابی کا عمل تیزی کیا جاسکتا ہے تو اسے امریکا اور جاپان میں کووڈ 19 کے علاج کے لیے منظوری دی گئی۔
برطانیہ کے وزیر ندیم زہاوی نے اس حوالے سے کہا کہ ریمیڈیسیور کی تمام سپلائی کو خرید کر امریکا عالمی کوششوں میں مدد نہیں کررہا، جبکہ برطانیہ ذمہ داری سے اس طرح کام کررہا ہے جس سے پوری دنیا کی مدد ہوسکے۔
آکسفورڈ یونیورسٹی کے پروفیسر پیٹر ہوربے نے کہا کہ گیلاڈ کمپنی یقیناً ایک امریکی کمپنی کے طور پر مخصوص سیاسی دباؤ کے زیرتحت ہے۔
اس وقت کمپنی کی جانب سے ہسپتال سے باہر استعمال کے لیے اسے گولی کی شکل میں تیار کرنے پر بھی کام کیا جارہا ہے۔