امریکی ریاست نیویارک میں کورونا وائرس میں مبتلا دو پاکستانی جان کی بازی ہار گئے۔
انتقال ہونے والے سید عطاءالرحمان کورونا وائرس سے متاثر ہو گئے تھے جن کا تعلق کراچی سے تھا۔
ان کے علاوہ کورونا سے جنگ لڑتے ہوئے پاکستانی امریکن روحیل خان بھی نیویارک میں دم توڑ گئے۔
ریاست ٹیکساس میں بھی ایک پاکستانی ڈاکٹر اور تعمیراتی شعبے سے تعلق رکھنے والے شخص میں بھی کورونا کی علامات پائی گئی ہیں اور دونوں کا تعلق بھی کراچی سے ہے۔
واضح رہے کہ امریکی ریاست نیو یارک کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہے اور امریکا میں سب سے زیادہ اموات وہیں سے سامنے آئی ہیں۔ مریضوں کی بڑھتی تعداد کے سبب نیویارک کا سینٹرل پارک اسپتال میں تبدیل کر دیا گیا ہے جہاں کورونا کے مریضوں کا علاج کیا جائے گا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےخبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث آئندہ دو ہفتے امریکی شہریوں کے لیے بہت زیادہ درد ناک ثابت ہوں گے۔
وائٹ ہاؤس میں بریفنگ کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ نظر نہ آنے والے دشمن کی وجہ سے امریکا میں اس طرح کی اموات ناقابل یقین ہیں۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث امریکا میں اب تک 4 ہزار سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 86 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔