دُبئی() متحدہ عرب امارات میں آنے والے اکثر پاکستانیوں کو نوکریوں کے معاملے میں دھوکادہی کاسامناکرنا پڑتاہے۔وہ ویزے اورٹکٹ پراچھی خاصی رقم خرچ کر کے جب امارات پہنچتے ہیں تو پتا چلتا ہے کہ جس نوکری اور پُرکشش پیکیج کااُنہیں خواب دکھایا گیا تھا اُس کا حقیقت سے کوئی سروکارنہیں۔اسی نوعیت کے اور بھی کئی مسائل پاکستانیوں کوپیش آتے ہیں۔ تاہم اس حوالے سے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان ایک مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کیے گئے جس کے مطابق اگر کسی بھی پاکستانی کو متحدہ عرب امارات میں نوکری کی آفر ہوتی ہے تو امارات پہنچنے سے قبل اُس کے اور نوکری فراہم کرنے والی کمپنی کے درمیان ایمپلائمنٹ جاب آفر کے معاہدے پر دستخط کرنا لازمی ہوں گے۔
اس اقدام کی بدولت سمندر پار جانے والے اُن پاکستانی کارکنوں کے حقوق کاتحفظ ممکن ہو سکے گا جو اکثر جعلی ریکروٹمنٹ ایجنٹس کے ہاتھوں دھوکا دہی کا شکار ہو کر اپنی قیمتی رقم سے محروم ہو جاتے ہیں۔