اقوام متحدہ یا او آئی سی سے قرارداد پاس کروادیں، الیکشن وقت پر ہی ہوں گے، بلاول بھٹو

اقوام متحدہ یا او آئی سی سے قرارداد پاس کروادیں، الیکشن وقت پر ہی ہوں گے، بلاول بھٹو


پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھلے اقوام متحدہ، سینیٹ یا اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) سے قرارداد پاس کروادیں لیکن الیکشن وقت پر ہی ہوں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے 8 فروری کا الیکشن شیڈول جاری کیا ہے، چیف جسٹس پاکستان نے کہا ہے پتھر پر لکھیر ہے کہ 8 فروری کو انتخابات ہوں گے، ہم سب قاضی صاحب کے فیصلے پر اعتماد کرتے ہیں، قدم بڑھائیں قاضی صاحب ہم آپ کے ساتھ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے، 30 سال سے لاہور پر حکومت کرنے والے صرف دعویٰ کرتے رہے، جتنا کام کرنے کی لاہور میں ضرورت ہے اتنی باقی پاکستان میں نہیں ہے، ایسے ظاہر کیا جاتا ہے کہ لاہور میں دودھ اور شہد کی نہریں بہتی ہیں، کہاں ہیں دودھ اور شہد کی نہریں ، سونے کی سڑکیں؟

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوام کا ہر فیصلہ قبول کرے گی عوام کو بھی چاہیے کہ ملک کی ترقی کے لیے پیپلزپارٹی کاساتھ دیں، مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کہا جاتا ہے 30 سال سے جو یہاں اقتدار میں ہیں وہ سونے کی سڑکیں بناتے ہیں، میں یہاں کی سڑکوں پر گھوم چکا ہوں،یہاں بہت کام کرنے ضرورت ہے، بہت سے سیاست دان لاہور کے بارے میں غلط تاثر پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہمارا 10 نکاتی ایجنڈا ہی الیکشن میں ہمارا منشور ہے، ہم اپنے منشور پر عمل کرنے میں کامیاب ہوگئے تو مہنگائی کا حل نکال سکیں گے، ہم اپنے منشور پر عمل کرنے میں کامیاب ہوگئے تو مہنگائی کا حل نکالیں گے، ہمیں آپ کا ساتھ چاہیے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ میرے نانا نے لاہور میں پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی تھی، پیپلز پارٹی برابری کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، پرانے سیاستدانوں اور سیاست کی جگہ نئی سیاست کو آنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے کارکنوں کو نشانہ بنا کر قتل کیا گیا، اس صوبے کے گورنر کو قتل کیا گیا، پیپلزپارٹی کوسازش کے تحت بدنام کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مشکلات کے باوجود انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے، میری توجہ منشور اور دس نکات پر ہے، 2013کے الیکشن میں اس سے بھی زیادہ امیدوار نا اہل ہوئے تھے، عوام پر بھروسہ اور اعتماد رکھتے ہیں، لیول پلئینگ فیلڈ اور دیگر معاملات کی شکایت نہیں کررہے ہیں

’ہم اس الیکشن میں سلیکشن کا مقابلہ کریں گے‘

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں ملک میں شفاف، غیرجانبدارانہ الیکشن کرائے جائیں، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے حکم کے مطابق 8فروری کو انتخابات ہوں گے، لاہور پر پیپلزپارٹی کا حق ہے ، پیپلزپارٹی لاہور میں حکومت بنائے گی، ہم اس الیکشن میں سلیکشن کا مقابلہ کریں گے، میں اپنا سیاسی سفر لاہور سے شروع کررہا ہوں، لاہور سے الیکشن لڑنے کا مقصد ہے کہ پیپلزپارٹی لاہور کو اپنا سمجھتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس شہر اور صوبے کے ساتھ پیپلزپارٹی کا جو رشتہ ہے وہ واپس لانا چاہتے ہیں، ماضی میں غیر سیاسی عناصر نے مختلف سیاسی جماعتوں کو مسلط کیا، سازش کے ذریعے پیپلزپارٹی کو پنجاب سے محروم کرنے کی کوشش کی گئی، لاہور ہمارا ہے ، اپنا سیاسی سفر لاہور سے شروع کررہا ہوں، ہار اور جیت اللہ کے ہاتھ میں ہے، مقابلے کے لیے تیار ہیں.

انہوں نے دعوی کیا کہ لاہور میں شہبازشریف اپنا کام کرسکیں اس لیے ہم نے این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے ان کو اختیار دیا، شہباز شریف لاہور میں ہمارے این ایف سی ایوارڈ کی وجہ سے اتنا کام کرسکے، پچھلی تین صوبائی حکومتوں نے پنجاب کے عوام کو حقوق نہیں دیے۔


اپنا تبصرہ لکھیں