اقراء کو ایوارڈ شو میں پروپوز کرنے کا آئیڈیا میرا نہیں فریحہ الطاف کا تھا، یاسر حسین کا انکشاف

اقراء کو ایوارڈ شو میں پروپوز کرنے کا آئیڈیا میرا نہیں فریحہ الطاف کا تھا، یاسر حسین کا انکشاف


پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف میزبان، ہدایت کار و اداکار یاسر حسین کا کہنا ہے کہ ایوارڈز شو کے دوران اقراء عزیز کو پروپوز کرنے کا آئیڈیا ان کا نہیں بلکہ فریحہ الطاف کا تھا۔

حال ہی میں یاسر حسین نے ساتھی اداکار و میزبان احمد علی بٹ کے پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی اور مختلف امور پر کھل کر گفتگو کی۔

دوران انٹرویو میزبان نے یاسر حسین سے سوال کیا کہ ’کیا لکس اسٹائل ایوارڈز کے دوران پروپوزل کا اسٹنٹ کرنا لازمی تھا؟‘۔

میزبان کے سوال پر اداکار نے بتایا کہ وہ پروپوزل پہلے سے پلان کیا گیا تھا، یہ فریحہ الطاف کا آئیڈیا تھا، وہ کچھ الگ کرنا چاہتی تھیں۔

یاسر حسین نے کہا کہ انہوں (فریحہ) نے مجھے کہا کہ یاسر! اس بار کی تھیم پیار محبت ہے اس لیے میں چاہتی ہوں کہ شو کے دوران کچھ ایسا ہو جو وائرل ہوجائے، وہ یہ بھی جانتی تھیں کہ میں اقراء سے شادی کرنے والا ہوں ہماری بات پکی ہو چکی ہے، اس لیے انہیں یہ خیال آیا کہ ایوارڈز کے دوران میں اسے پرپوز کر دوں۔

اداکار نے بتایا کہ وہ فریحہ الطاف کا آئیڈیا سن کر راضی ہوگئے، لیکن اقرا اس سے لاعلم تھی تاکہ اس کا قدرتی ری ایکشن ریکارڈ کیا جاسکے۔ فیفی ہارون نے پورا اسکریپٹ لکھ کر دیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ میری صبا قمر کے ساتھ پرفارمنس تھی، پرفارمنس کے بعد مجھے اقرا کو پروپوز کرنا تھا، جیسے ہی پرفارمنس کے بعد بیک اسٹیج جانے لگا، تو میں نے صبا قمر سے کہا کہ میں اقراء کو پروپوز کرنے کے بعد واپس آ رہا ہوں جس پر وہ بھی کافی حیران رہ گئیں اور پھر جب فریحہ نے مجھے اشارہ دیا اور پوچھا ڈر تو نہیں لگ رہا، فریحہ کے پوچھنے پر مجھے ڈر لگنے لگا اور عین موقع پر میں اسکرپٹ بھول گیا تھا اور اس وقت جو کچھ سمجھ آیا وہ کہہ دیا۔

واضح رہے کہ اقراء عزیز اور یاسر حسین 28 دسمبر 2019 کو شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے۔

شادی کے 2 سال بعد ان کے ہاں ننھے مہمان کبیر حسین کی آمد ہوئی۔


اپنا تبصرہ لکھیں