اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے زور دیا ہے کہ ایک ایسے مشکل وقت میں کہ جب دنیا اور پاکستان کی معیشت پر کورونا وبا کے منفی اثرات پڑے ہیں ہمیں معاشی نمو کے لیے غیر روایتی حل کی ضرورت ہے۔
معیشت اور خزانہ پر ایک تھنک ٹینک کے اجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے روز اول سے مستحکم معاشی سرگرمیوں اور عوام کو وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے متوازن حکمت عملی اپنائی ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر اور سابق سیکریٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود خان بھی موجود تھے، مزید یہ کہ وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد، شوکت ترین، سلطان الانا، ڈاکٹر اعجاز نبی اور عارف حبیب ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کی متعدد جاری پالیسیوں اور منصوبوں پر تھنک ٹینک کا فیڈ بیک انہیں باقاعدگی سے فراہم کیا جانا چاہیے۔
عمران خان نے کہا کہ بنیادی ترجیح ٹارگٹڈ سبسڈیز کے ذریعے معاشرے کے غریب طبقے کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غربت کے خاتمے کے لیے ‘احساس’، حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے اور ضرورت مندوں تک پہنچنے کی حکمت عملی کے ساتھ اس کو وسیع کرنے کی ضرورت ہے۔
دوران اجلاس وزیراعظم نے تعمیرات اور ہاؤسنگ کے شعبے کے لیے اعلان کردہ پیکج پر بھی روشنی ڈالی جس کا مقصد روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنا اور اقتصادی بحالی کے ساتھ ساتھ غریبوں کے لیے سستی رہائش کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے تھنک ٹینک کی جانب سے بینکنگ اور فنانس، احساس پروگرام میں مزید بہتری لانے، چھوٹے اور درمیانے کاروبار کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے پیش کی جانے والی تجاویز کو سراہا۔
بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ حکومت نے قرضوں کی سہولت میں اضافے کے مزید اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تھنک ٹینک کا بنیادی مقصد معروف کاروباری، تعلیمی اور بینکنگ ماہرین کی مدد سے ملک کی معیشت میں بہتری کے اقدامات پر غور کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہفتہ کو ہونے والے اجلاس میں بینکنگ اور فنانس سیکٹر کو درپیش مسائل پر غور اور بات چیت کی گئی اور ڈیجیٹائزیشن میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔
مشیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ شرکا نے وزیراعظم کی جانب سے تعمیراتی شعبے کو فراہم کی گئیں مراعات پر عملدرآمد کے حوالے سے بات چیت کی۔
انہوں نے بتایا کہ اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد کو قرضے دیے جائیں جبکہ نظام میں موجود خامیوں کو ختم کیا جائے۔