نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کے استعفے کی خبر پر در عمل دیتے ہوئے زور دے کر کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان مکمل طورپرفعال ہے اور کسی قسم کا کوئی بحران نہیں ہے، عوام افواہوں پر دھیان نہ دیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے ایک بیان میں مرتضیٰ سولنگی نے پیغام دیا کہ سیکریٹری الیکشن کمیشن عمرحمید علیل ہیں اور وہ ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں۔
واضح رہے کہ وزیر اطلاعات کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ اب سے کچھ دیر قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے ’خرابی صحت کی بنا پر‘ عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ سیکریٹری الیکشن نے کسی کے دباؤ پر استعفیٰ نہیں دیا، صحت کی خرابی اُن کے استعفے کی وجہ بنی۔
ذرائع کے مطابق سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان کچھ دن تک ہسپتال میں زیر علاج رہے اور اب گھر میں زیرِ علاج ہیں، اُن کا کہنا ہے کہ میری صحت کام کرنے کی اجازت نہیں دیتی۔
ذرائع نے مزید بتایا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر نے تاحال عمر حمید خان کا استعفیٰ منظور نہیں کیا ہے۔
واضح رہے کہ سیکریٹری الیکشن کمیشن کے استعفیٰ کی اطلاعات ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب ملک میں عام انتخابات کے انعقاد میں محض ایک ماہ باقی رہ گیا ہے۔