افریقن سفاری، آسان شکار دیکھ کر گرین کیپس کا دل للچانے لگا

افریقن سفاری، آسان شکار دیکھ کر گرین کیپس کا دل للچانے لگا


 لاہور: 

افریقن سفاری میں آسان شکاردیکھ کر گرین کیپس کا دل للچانے لگا جب کہ ٹیم ناتجربہ کار حریف پر فتح سے سیریز میں کلین سوئپ کے لیے بے قرار ہے۔پاکستان نے ہرارے میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں زمبابوے کی تاتجربہ کاری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آسان فتح حاصل کی،بولرز نے میزبان بیٹسمینوں کی ناک میں دم کیا تو بیٹنگ لائن نے اتنا بہتر اسکور بنایا کہ دوسری اننگز کھیلنے کی ضرورت پیش نہیں آئی،سنچری میکر فواد عالم زبردست فارم میں نظر آئے،اوپنرز سمیت دیگر بیٹسمینوں نے بھی اپنا کردار ادا کیا،مین آف دی میچ حسن علی نے 9شکار کرتے ہوئے میزبان ٹیم کے حوصلے پست کر دیے۔

جمعے کو دوسرا ٹیسٹ بھی اسی وینیو پر شروع ہوگا،پاکستانی کرکٹرز کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوچکے، پہلا مقابلہ تیسرے روز ہی ختم ہونے کی وجہ سے آرام کا مناسب موقع مل گیا، اس کے بعد ٹریننگ سیشنز میں بھی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع ملا۔

ورچوئل پریس کانفرنس کے آغاز میں بابر اعظم نے13ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کیا،ان میں پہلا ٹیسٹ کھیلنے والی پلیئنگ الیون میں شامل عابد علی، عمران بٹ، اظہر علی، فواد عالم، محمد رضوان، فہیم اشرف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، نعمان علی اور ساجد خان کے ساتھ تابش خان اور حارث رؤف بھی شامل ہیں۔

کپتان نے کہا کہ میچ سے قبل پچ دیکھ کر فائنل الیون کا فیصلہ کیا جائے گا، البتہ ذرائع کے مطابق طویل عرصے سے  ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ پرفارم کرنے والے تابش خان کو ڈیبیو کا موقع مل سکتا ہے،اس کیلیے شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف میں سے کسی کو آرام دیا جاسکتا ہے۔

پہلے میچ میں عمدہ کارکردگی پیش کرنے والے عابد علی اور عمران بٹ ایک بار پھر اچھا آغاز فراہم کرنے کی کوشش کریں گے، مڈل آرڈر میں فواد عالم اور محمد رضوان اچھی فارم میں ہیں۔

کپتان بابر اعظم گذشتہ میچ میں ناکامی کا ازالہ کرنے کے لیے بے چین ہیں،اظہر علی بھی اننگز کو زیادہ طول نہیں دے پائے تھے، ان کی نگاہیں بھی بڑے اسکور پر مرکوز ہوں گی، پیس بیٹری میں اگر تبدیلی ہوئی تو بھی وہ ناتجربہ کار میزبان بیٹنگ کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے،خاص طور پر حسن علی کے آہنی وار برداشت کرنا آسان نہیں ہوگا، اسپنرز کا جال بھی پاکستان کی فتح کیلیے راہ ہموار کرسکتا ہے۔

بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ہم نے پہلا ٹیسٹ صرف 3روز میں جیتا، بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ سمیت ہر شعبے میں عمدہ کھیل پیش کیا،اوپنرز کے بعد مڈل آرڈر نے بھی اچھی کارکردگی دکھائی،ہم وننگ کمبی نیشن کیساتھ چلیں گے۔

ایک سوال پر کپتان نے کہا کہ پاکستان ٹیم شکست سے خوف زدہ نہیں مگر ایکدم 4 ، 5 تبدیلیاں نہیں کی جاسکتیں، کھلاڑیوں کو اچھی پریکٹس کا موقع بھی مل گیا ہے،دوسرے میچ میں فتح کے ساتھ کلین سوئپ کے لیے پْر عزم ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اوپنرز گیند کی چمک ختم کرنے میں کامیاب ہو جائیں تو آنے والے بیٹسمینوں کو آسانی ہوتی ہے،پہلے ٹیسٹ کی طرح دوسرے میں بھی اچھے آغاز کی امید ہے۔کپتان نے کہا کہ میں پہلے میچ میں رنز بنانا چاہتا تھا مگر کامیاب نہ ہوا، کوشش ہوگی کہ اب سیٹ ہونے کے بعد ٹیم کے لیے بڑی اننگز کھیلوں۔

دوسری جانب میزبان ٹیم کو ایک بارپھر ریگولر کپتان سین ولیمز کی خدمات میسر نہ ہوں گی،پرنس مسوارے اور کریگ ایرون بھی انجری کے سبب دستیاب نہیں ہیں ،گذشتہ ٹیسٹ میں کیون کاسوزا اور ٹیرسائی مساکنڈا کے سوا دونوں اننگز میں دیگر بیٹسمین مزاحمت کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے تھے،برینڈن ٹیلر امیدوں کے محور ہوں گے،بولرز میں بلیسنگ موزاربانی سے توقعات وابستہ ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں