اس اسمارٹ فیس ماسک کے فیچرز دنگ کردیں گے


2021 کا آغاز ہوچکا ہے اور کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ میں فی الحال تو کوئی کمی نہیں آسکی۔

یعنی آنے والے مہینوں میں فیس ماسک کا استعمال جاری رہے گا اور اسی کو دیکھتے ہوئے کمپنیوں کی جانب سے ان ماسکس کو منفرد بنانے پر کام کیا جارہا ہے۔

ایسا ہی ایک فیس ماسک کمپیوٹر تیار کرنے کے لیے معروف کمپنی ریزر نے لاس ویگاس میں سی ای ایس ٹیکنالوجی نمائش کے دوران متعارف کرایا۔

اس این 95 ماسک کو پراجیکٹ ہیزل کا نام دیا گیا ہے جس میں ایک ایکٹیو وینٹی لیشن جز دیا گیا ہے جو تازہ ہوا میں سانس لینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

اور ہاں یہ فیس ماسک اپنی شکل بدل کر شفاف بھی ہوجاتا ہے تاکہ دیگر افراد آپ کا منہ بھی دیکھ سکیں۔

اس ماسک میں بلٹ ان مائیک اور ایمپلی فائر موجود ہے تاکہ بات کرنے کے دوران آواز کا معیار متاثر نہ ہوسکے۔

اس فیس ماسک میں آر جی بی ریڈ لائٹس بھی دی گئی ہیں، جو ماسک کو چارج کرتے ہوئے جگمگانے لگتی ہیں یا اس وقت مدھم ہوجاتی ہیں جب ماسک سے منہ کو ڈھانپا نہ جائے۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس ماسک کو ایسے میٹریل سے تیار کیا گیا ہے جو اسے پائیدار بناتا ہے اور گھنٹوں تک استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اس ماسک کے ساتھ ایک خاص کیس بھی چارجنگ کے لیے دیا جائے گا اور اسی میں الٹرا وائلٹ ٹیکنالوجی سے اس کی صفائی بھی ہوگی۔

فوٹو بشکریہ ریزر
فوٹو بشکریہ ریزر

کمپنی کا کہنا تھا کہ ماسک میں لگے وینٹی لیٹر پورے دن تک کام کرسکتے ہیں اور کئی ہفتوں تک لگاتار استعمال کرکے نئے فلٹر کو آسانی سے لگایا جاسکتا ہے۔

فی الحال تو یہ کانسیپٹ ماڈل ہے تاہم توقع ہے کہ بہت جلد یہ عام افراد کو بھی دستیاب ہوگا۔


اپنا تبصرہ لکھیں