اسپیکر قومی اسمبلی کے دورہ کینیڈا کیخلاف چلائی گئی مہم کی رپورٹ طلب

اسپیکر قومی اسمبلی کے دورہ کینیڈا کیخلاف چلائی گئی مہم کی رپورٹ طلب


قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے چیئرمین سلیم بیگ کو طلب کیا تاکہ قومی اسمبلی کے اسپیکر راجا پرویز اشرف اور پارلیمانی وفد کے حالیہ دورہ کینیڈا کے حوالے سے ٹی وی چینلز کی جانب سے چلائی گئی ’بدنیتی پر مبنی مہم‘ کے حوالے سے رپورٹ پیش کر سکیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی منحرف رکن جویریہ ظفر آہیر نے اجلاس کی صدارت کی، جویریہ ظفر نے پارلیمانی وفد کے دورہ کینیڈا کے خلاف مہم کی شدید مذمت کی۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ معاملہ اسپیکر نے خود کمیٹی کو بھجوایا تھا۔

یہ وفد کینیڈا میں 65 کامن ویلتھ پارلیمانی کانفرنس (سی پی سی) میں شرکت کے لیے کینیڈا گیا تھا، پارلیمانی وفد کی کینیڈا میں موجودگی کے دوران میڈیا نے خبر چلائی کہ ملک کے غیر معمولی سیلاب کی زد میں ہونے کے باوجود اسپیکر قومی اسمبلی کی قیادت میں 25 رکنی پارلیمانی اراکین کا وفد کینیڈا میں موجود ہے، کچھ میڈیا چینلز نے اسپیکر قومی اسمبلی اور وفد کی نیاگرا فال کی سیر کی وڈیوز اور تصاویر بھی شیئر کی تھیں۔

اس خبر پر حکومت کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان سوشل میڈیا پر بحث و تکرار بھی ہوئی۔

اسپیکر راجا پرویز اشرف اور پارلیمانی وفد جب کینیڈا سے پاکستان واپس پہنچا، تو انہوں نے میڈیا پر بدنیتی پر مبنی مہم کا سخت نوٹس لیا، انہوں نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کو ہدایت کی واقعے میں سیاسی طور پر محرک پروپیگنڈے میں ملوث عناصر کو بےنقاب کیا جائے۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے اس دعوے کی تردید کی کہ اسپیکر قومی اسمبلی پارلیمانی وفد کے ہمراہ ٹیکس دہندگان کے خرچے پر کینیڈا کا دورہ کر رہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں