اسپاٹی فائے کا یومِ آزادی پر نصرت فتح علی خان کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا اعلان

اسپاٹی فائے کا یومِ آزادی پر نصرت فتح علی خان کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا اعلان


معروف میوزک اسٹریمنگ سروس اسپاٹی فائے کی جانب سے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر لیجنڈ گلوکار استاد نصرت فتح علی خان کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

اسپاٹی فائے کی جانب سے جمعے کو جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق ’یہ نصرت فتح علی خان ہیں‘ کے نام سے ایک نئی پلے لسٹ تیار کی گئی ہے۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس پلے لسٹ میں سدا بہار ہٹ فلموں کا حصّہ بننے والے ان کے مشہور گانوں کو شامل کیا گیا ہے جن کی شاندار کمپوزیشنز کو جدید انواع کے ساتھ تخلیق کیا گیا ہے تاکہ سامعین بھرپور انداز سے لطف اندوز ہوں۔

لیجنڈ گلوکار کی تعریف کرتے ہوئے بیان میں کہا گیا ہے کہ انتقال کو دو دہائیوں سے زائد عرصہ گزر جانے کے بعد بھی نصرت فتح علی خان عالمی سطح پر پاکستان کے اعلیٰ گلوکاروں میں سے ایک کے طور پر نمایاں ہیں۔

اسپاٹی فائے کے ڈیٹا کے مطابق نصرت فتح علی خان رواں سال اسٹریمنگ سروس پر چوتھے سب سے زیادہ اسٹریم کیے جانے والے پاکستانی گلوکار ہیں۔

گلوکار کے سب سے زیادہ سنے جانے والے گانوں میں’یہ جو ہلکا ہلکا سرور ہے‘، ’آفریں آفریں‘، ’مست مست‘، اور ’دی لانگ روڈ‘ جیسے گانے شامل ہیں۔

کمپنی کا کہنا کہ موسیقی کی مختلف کمپوزیشنز پر نصرت فتح علی خان کے اثر و رسوخ کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ آج بھی ان کے اصل گانوں کے کور اور ری میک بنائے جا رہے ہیں۔

گلوکار کے جن گانوں کے ری میک بنائے گئے ان میں ’لوٹ گئے‘، ’میرے رشکے قمر‘، ’کالی کالی زلفوں کے‘، ’میرے بعد کس کو ستاؤ گے‘، اور ’دیکھتے دیکھتے‘ ایسے گانے ہیں جنہیں اسٹریمنگ سروس پر سب سے زیادہ اسٹریم کیے جانے والے گانے ہونے کا اعزاز ملا۔

اسپاٹی فائے کے ڈیٹا کے مطابق نوجوان نصرت فتح علی خان کی میراث کو زندہ رکھنے کے رجحان کو آگے بڑھا رہے ہیں اور ان کے گانے سننے والوں میں 18 سے 22 سال کے درمیان کی عمر کے 37 فیصد، 23 سے 27 سال کی عمر کے 24 فیصد جبکہ 18 سال سے کم عمر کے 14 فیصد نوجوان شامل ہیں۔

مجموعی طور پر نصرت فتح علی خان کے گانے سننے والوں کی تعداد اس سال 50 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے، گلوکار کے گانے جن ممالک میں سب سے زیادہ سنے جاتے ہیں ان میں بھارت، امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا  سرفہرست ہیں۔

کمپنی نے یہ بھی کہا کہ نصرت فتح علی خان کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے 14 اگست کو نئے فنکاروں کی ایک ویڈیو ریلیز کی جائے گی جہاں وہ اس بارے میں بات کریں گے کہ کس طرح لیجنڈ گلوکار اور ان کے گانوں نے نئے فنکاروں کے موسیقی کے سفر کو متاثر کیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں