جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے عام انتخابات کو دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری کو جعلی بنیادوں پر کامیاب کروایا گیا، اسٹیبشلمنٹ نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت دھڑے بندی کی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ ظلم اور جبر کے نظام کے خلاف جدو جہد تیز ہوگی، 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخبات کے دوران مشکل صورتحال کے باوجود ہمیں 25 لاکھ ووٹ ملے، پاکستان کو مستحکم کرنے کے لیے ہم عوام سے براہ راست رابطہ رکھیں گے۔
رہنما جماعت اسلامی نے کہا کہ اتحاد کی سیاست ملک کو مزید مشکلات میں ڈال دیتی ہے، مسالک کی بنیاد پر تقسیم سے مذہبی جماعتوں کی قوت کم ہوئی ہے، اسٹیبشلمنٹ نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت دھڑے بندی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ انتخاب انجینئرڈ، دھاندلی زدہ اور متنازع ہے، چار دیواری میں بیٹھ کر عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کو جعلی بنیادوں پر کامیاب کروایا گیا، ان کاکہنا تھاکہ دھاندلی زدہ سیٹوں کو لینے سے انکار کر دینا چاہیے۔
لیقات بلوچ نے کہا کہ صاف شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کروانے کے لیے سب کو بیٹھنا ہوگا کیونکہ آج عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔
نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان کا علاج مارشل لا یا آئین سے بالا کچھ نہیں ہے، ملکی مسائل کا حل جمہوریت ہی ہے۔