اسٹرابری قلب کو صحتمند رکھنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے

اسٹرابری قلب کو صحتمند رکھنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے


بوسٹن: امریکہ میں بیریوں کی افادیت کی سالانہ میٹنگ میں ماہرین نے کہا ہے کہ انہیں مزید ثبوت ملے ہیں کہ اسٹرابری قلبی صحت کو بڑھاسکتی ہے۔

الینوائے انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے وابستہ پروفیسر برٹ برٹن فری مین کہتے ہیں کہ اگر غذا میں پھل کا حصہ غائب کردیا جائے تو اس سے امراضِ قلب اور ذیابیطس کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ لیکن اس ضمن میں اسٹرابری اس خلا کو پرکرسکتی ہے اور دل کو توانا رکھنے میں انتہائی اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ تاہم ضروری ہے کہ روزانہ ایک کپ بھر کر اسٹرابری کھائی جائے۔

اسٹرابری کھانے سے مضرکولیسٹرول کم ہوتے ہیں، اندرونی سوزش کم ہوتی ہے اور آکسیڈیٹو اسٹریس کم ہوتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی بلڈ پریشر بھی معمول پر رہتا ہے۔ ماہرین نے یہ بھی دیکھا کہ قلبی صحت کے کئی طبی مارکر بھی اسٹرابری کھانے سے بہتر ہوجاتے ہیں۔

ایک اور سروے سے معلوم ہوا کہ اسٹرابری کا باقاعدہ استعمال بالغوں میں ٹائپ ٹو ذیابیطس کو روکتا ہے اور یوں اسے علاج بالغذا کا درجہ دیا جاسکتا ہے۔ دوسری جانب روزانہ صرف آٹھ اسٹرابری کھانے سے وٹامن سی کی ضرورت پوری ہوجاتی ہے اور اسے کھانے کی عادت بنالینا ہی دل کے محافظ کو چوکنا رکھنا ہوسکتا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں