کراچی:
پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کواتار چڑھاؤ کے بعد مندی رہی جس سے انڈیکس کی 42000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد 20 روزہ وقفے کے بعد گرگئی اورکے ایس ای 100 انڈیکس مزید 400.49 پوائنٹس کی کمی سے 41898.70 پوائنٹس کی سطح پر آگیاجبکہ حصص فروخت کے دباؤکے باعث67 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں گرگئیں۔
پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا جس کے باعث ابتدائی اوقات میں کے ایس ای 100 انڈیکس 130 پوائنٹس کے اضافے سے 42429پوائنٹس کی بلند سطح پر دیکھا گیالیکن بعدازاں رواں ہفتے کے آغاز سے ہی شروع ہونے والا مندی کا رجحان لوٹ آیا جس میں عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں گراوٹ کے اثرات اوراسٹیٹ بینک کی جانب سے افراط زر کے خدشات جیسے عوامل نے سرمایہ کاروں کو حصص کی آف لوڈنگ پرمجبورکیاجس کے نتیجے میں انڈیکس42ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے41790پوائنٹس کی نچلی سطح پر آ گیا بعد میں 41800کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی لیکن مندی کے اثرات غالب رہے اور مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس400.49پوائنٹس کی کمی سے 41898.70 پوائنٹس پر بند ہوا۔
گذشتہ روز مجموعی طور پر353کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 106 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 236 میں کمی اور 11میں استحکام رہا۔ بیشتر کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں کم ہونے کے باعث مارکیٹ کے سرمائے میں 56 ارب 88 کروڑ10لاکھ روپے کی کمی ہوئی جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ گھٹ کر 78کھرب 71 ارب 22 کروڑ 75 لاکھ روپے ہوگیا۔ بدھ کو 19کروڑ 71لاکھ37ہزار شیئرز کا کاروبار ہوا جومنگل کی نسبت 81 لاکھ 34 ہزار شیئرز زائد ہے۔