ملک میں گزشتہ 2 ہفتوں سے جاری سیاسی عدم استحکام کے خاتمے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی مثبت اثرات پڑ رہے ہیں۔
جمعرات کو سپریم کورٹ کے فیصلے اور قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد جموہری طریقے سے انتقال اقتدار کا عمل جاری ہے۔
ملک میں سیاسی فضا صاف ہونے اثرات اسٹاک مارکیٹ پر بھی پڑرہے ہیں۔
پیر کے روز کاروبار کا آغاز ہوا تو کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس 44 ہزار 444 پر موجود تھا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری سرگرمیوں کا آغاز ہی مثبت انداز میں ہوا اور سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور دلچسپی دیکھی گئی۔
دن کے اختتام پر کے ایس این ہنڈریڈ انڈیکس 1700 پوائنٹس اضافے کے بعد 46 ہزار 144 پوائنٹس پر بند ہوا۔
پیر کے روز 383 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 327 کمپنیوں کے شیئر کی قیمتوں میں اضافہ، 45 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جب کہ 11 کے شیئر کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
اس کے علاوہ کے ایس ای تھرٹی انڈیکس میں 689 پوائنٹس، کے ایم آئی 30 انڈیکس 3 ہزار 156 پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس میں 963 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔
دوسری جانب کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں کمی دیکھی جارہی ہے۔
پیر کے روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر 3 روپے 50 پیسے سستا ہوکر 184 روپے 50 پیسے کا ہوگیا۔