اسٹاک ایکسچینج حملہ: دہشتگردوں کی پشت پناہی میں ’را‘ ملوث ہے: ڈی جی رینجرز


کراچی: ڈی جی رینجرز سندھ کا کہنا ہےکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کی پشت پناہی میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ ملوث ہے۔

ڈی جی سندھ رینجرز میجر جنرل عمر بخاری اور ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے سندھ رینجرز ہیڈکوارٹر میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

ڈی جی رینجرز نے بتایا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج بلڈنگ پر صبح 10 بجکر 2 منٹ پر 4 دہشتگرد گاڑی میں سوار ہو کر آئے اور  حملہ کیا، فورسز نے 10 بجکر 10 منٹ پر اس کارروائی کا اختتام کردیا، یعنی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے صرف 8 منٹ میں دہشتگردوں کو انجام تک پہنچایا۔

ڈی جی رینجرز نے کہا کہ دہشتگرد پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی عمارت میں داخل نہیں ہوسکے،  2 دہشتگردوں کو پہلے پک اٹ پر مار گرایا اور مزید آگے پہنچنے والے 2 دہشتگردوں کو اگلے مرحلے مار دیا گیا، رینجرز، پولیس اور پرائیوٹ سیکیورٹی گارڈ پر مشتمل سیکیورٹی ونگ نے یہ کارنامہ سرانجام دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگلے 20 منٹ میں تمام کارروائی مکمل کر لی گئی تھی، دہشت گردوں نے لوگوں کو یرغمال بنانا تھا وہ  جدید اسلحہ، لانچر گرینیڈ اور دیگر سامان لائے تھے، دہشتگردوں کوپاکستان اسٹاک ایکسچینج کے داخلی راستے پر ہی روک لیا گیا تھا۔

ڈی جی رینجرز کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معروف بلڈنگ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ٹارگٹ بنانے کا مقصد پاکستان کی خوشحالی کو نقصان پہنچانا تھا لیکن اس دہشتگرد حملے کے باوجود اسٹاک ایکسچینج میں کام جاری رہا بلکہ مثبت رہا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دہشتگردوں کی پشت پناہی میں پڑوسی ملک کی خفیہ ایجنسی ’را‘ ملوث ہے، ہمیں ادراک ہے کہ ملک دشمن ایجنسیاں کوششیں کر رہی ہیں کہ بچے کچے دہشتگردوں کو پاکستان کے خلاف استعمال کریں مگر ہم واقف ہیں کہ کون کیا کررہا ہے، ان کے خلاف کام شروع کرچکے ہیں اور انہیں نیست و نابود کریں گے۔

ڈی جی رینجرز کا کہنا تھا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ انٹیلی جنس کی ناکامی نہیں، دہشتگرد 8 منٹ میں فارغ ہوگئے یہ تمام ایجنسیوں کی مشترکہ کامیابی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں