کراچی:
اسٹاک ایکسچینج میں ایک ہفتے کے دوران حصص کی مالیت میں 221 ارب روپے سے زائد کا اضافہ دیکھا گیا۔
ملک کے اقتصادی محازپرمثبت خبروں، دنیا بھرکی حکومتوں کی جانب سے کورونا وباء سے مقابلے کے لیے اپنی تجارت وصنعتی شعبوں کے لیے مزید ترغیبات دینے اور معیشتوں میں سرمائے کا حجم بڑھانے، امریکی سینٹرل بینک کی شرح سود صفر کرنے جیسے عوال کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گزشتہ ہفتےکے 4 روزہ کاروباری سیشنز میں تسلسل کے ساتھ تیزی رہی، جس سے انڈیکس کی 38000 اور 39000 پوائنٹس کی دو نفسیاتی حدیں عبور ہوگئیں۔
تیزی کے سبب حصص کی مالیت میں مجموعی طورپر 2 کھرب 21 ارب 38 کروڑ 82 لاکھ 16 ہزار 938 روپے کا اضافہ ہوا جس سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ بھی بڑھکر 72کھرب 94ارب 27کروڑ 60لاکھ 91ہزار 523روپے کی سطح تک پہنچ گیا۔
ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے عیدالاضحی کے بعد برآمدی صنعتوں کےلیے پانی بجلی اور گیس ٹیرف میں کمی پر مشاورت، خام تیل کی عالمی قیمت میں اضافے اور حصص کی عالمی مارکیٹوں میں تیزی کے مثبت اثرات مقامی اسٹاک مارکیٹ پربھی مرتب ہوئے۔ ہفتہ وارکاروبارکے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں مجموعی طورپر 1650.82 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے انڈیکس بڑھکر 39258.44 پوائنٹس پربند ہوا جبکہ کےایس ای 30 انڈیکس 755.26 پوائنٹس بڑھکر 17070.62 پوائنٹس پربند ہوا۔ کے ایم آئی 30انڈیکس 3160.04 پوائنٹس بڑھ کر 63107.65 پوائنٹس پربند ہوا اورکے ایم آئی پی ایس ایکس انڈیکس 689.86 پوائنٹس بڑھ کر 19229.41 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔