حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ کی تدفین سے متعلق تفصیلات سامنے آگئیں۔
سعودی میڈیا کے مطابق اسماعیل ہنیہ کی تدفین جمعہ کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کی جائے گی۔
عرب میڈیا کے مطابق اسماعیل ہنیہ کی نمازِ جنازہ کل صبح تہران میں ادا کی جائے گی جس کے بعد میت کل دوپہر دوحہ منتقل کردی جائے گی اور شہید کی تدفین جمعے کو دوحہ میں کی جائے گی۔
واضح رہے کہ آج صبح فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ کو ایران کے دارالحکومت تہران میں اسرائیلی حملے میں شہید کردینے کی خبر سامنے آئی تھی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق حماس نے اسماعیل ہنیہ کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے، وہ ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے ایران گئے تھے۔