آئی سی سی ورلڈکپ 2019کی ٹرافی آج جلوے بکھیرنے کراچی پہنچے گی۔
اسلام آباد کے بعد لاہور میں جلوے دکھانے والی آئی سی سی ورلڈکپ 2019کی ٹرافی آج کراچی پہنچے گی جسے سہ پہر 4 بجے کلفٹن کے شاپنگ مال میں نمائش کیلیے رکھا جائے گا، بعد ازاں پورٹ گرانڈ پر منعقدہ میوزیکل کنسرٹ میں بھی ٹرافی کی نمائش ہوگی، پیرکی صبح ٹرافی کونیشنل بینک کے ہیڈ آفس میں نمائش کے لیے پیش کیا جائیگا۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2019 کی ٹرافی دوبارہ پاکستان آئی ہے، اس بار قومی کپتان سرفراز احمد دبئی سے ٹرافی پاکستان لائے، قبل ازیں آئی سی سی کے ورلڈ ٹور پروگرام کے تحت اسے لایا گیا تھا۔
قبل ازیں ہفتے کو ٹرافی نے لاہور میں بھی جلوے بکھیرے،شائقین کرکٹ نے دل بھر کر تصاویر بنائیں، ہلکے پھلکے میوزیکل پروگرام نے شائقین کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا، لاہور کے شاپنگ مال میں نمائش کیلیے رکھی گئی ٹرافی کی ایک جھلک دیکھنے کیلیے شائقین کا جم غفیر امڈ آیا ۔اس سے قبل ٹرافی کو اسلام آباد میں بھی مختلف مقامات پر نمائش کیلیے رکھاگیا تھا