اسلام آباد ائیرپورٹ پر ایبولا وائرس کی تشخیصکرنے والا تھرمو اسکینر خراب ہونے سے وائرس پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق جنوبی افریقہ سے آنے والے مسافروں کو تھرمو اسکینر سے چیک کرنا لازمی ہوتا ہے تاکہ ایبولا وائرس کی تشخیص ہوسکے اور اس سلسلے میں اسلام آباد ائیرپورٹ پر ایک تھرمو اسکینر نصب کیا گیا تھا جو ناکارہ ہوگیا ہے۔
تھرمو اسکینر خراب ہونے کی وجہ سے مسافروں کی وائرس چیکنگ کا عمل رُک گیا جس کے باعث وفاقی دارالحکومت سے وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ تھرمو اسکینر خراب ہونے کے ساتھ محکمہ صحت کاعملہ بھی ائیرپورٹ سے غائب ہے۔
واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت کی ہدایت پر 2014 میں بےنظیر بھٹو ائیرپورٹ پر ایبولا وائرس کی چیکنگ کے لیے تھرمو اسکینر لگایا گیا تھا۔